جموں // پنتھرز کارکنوںنے ضلعی انتظامیہ ادہم پور کیخلاف چیف الیکشن آفیسر جموں کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا ۔اس موقعہ پر مظاہرین نے ضلع ترقیاتی کمشنر اور ایس ایس پی ادہم پور پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ جاری پنچایتی انتخابات کے دوران بھاجپا کے نمائندوں کی حمایت کرنے میں مصروف ہے ۔مظاہرین نے اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر ادہم پور اور ایس ایس پی کا پتلا بھی نذر آتش کرتے ہوئے چیف الیکشن کمیشن سے مانگ کی کہ غیر قانونی عمل میں ملوث آفیسران کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے نیشنل پنتھرس پارٹی کے چیئر مین ہرش دیو سنگھ نے ضلعی انتظامیہ ادہم پور پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ وہ ضلع میں بھاجپا امید واروں کی حمایت کر رہی ہے ضلع ترقیاتی کمشنر اور ایس ایس پی ادہم پور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھاجپا کی حمایت کے سلسلہ میں کئی ایک ایماندار ملازمین و آفیسران کو ہراساں وتبدیل کیا گیا ہے جبکہ زعفرانی پارٹی کے پرچار کیلئے کچھ ملازمین کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔موصوف نے ضلعی انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ وہ پنتھرز پارٹی کے امید واروں کو غیر ضروری طور پر ہراساں کر نے میں مصروف ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ ضلع میں صورتحال اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ سیول انتظامیہ کیساتھ ساتھ پولیس انتظامیہ بھی بھاجپا امید واروں کی حمایت میں میدان میں ہے ۔انہوں نے چیف الیکشن آفیسر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ضلع میں پید ا شدہ صورتحال پر سنجیدگی کا مظاہرہ کر تے ہوئے آفیسران کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ضلع میں جمہوری نظام کو بچایا جاسکے ۔