ڈوڈہ//اتوار کے روز ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ پر پیش آئے سڑک حادثہ میں مزید دو افراد کی موت ہوئی ہے اور اسطرح سے مرنے والوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق اتوار کے روز گڈسو پل ڈوڈہ کے نزدیک ویگینار گاڑی چناب میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک خاتون کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی تھی جبکہ 1 شخص زخمی و ایک لاپتہ ہوگیا تھا۔ اس واقعہ کے فوراً بعد پولیس، سیول انتظامیہ و مقامی رضاکاروں نے چناب میں بازیابی مہم شروع کی اور چھ گھنٹوں کے بعد لاپتہ ہوئے شخص کی نعش برآمد ہوئی جس کی شناخت ارشاد احمد ولد نذیر احمد (40)ساکنہ ملہوتہ پنچائی کے طور پر ہوئی ہے۔ ادھر اتوار کو ہی دیر رات لیکھراج ولد ہری لال (60)ساکنہ پنچائی چرالہ کو زخمی حالت میں جی ایم سی ڈوڈہ سے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا جہاں پر پیر کے روز اس کی موت ہوئی۔اس طرح سے اس حادثہ میں میاں بیوی سمیت تین افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ واضح رہے چار دنوں سے دریائے چناب سے پریم نگر تا عسر الگ الگ سڑک حادثات میں لاپتہ 4 افراد کی نعشیں برآمد ہوئیں ہیں.