جموں//پلس ٹو لیکچرار فورم کا ایک وفد منگل کے روز وزیر تعلیم الطاف بخاری کے ساتھ ملا۔ وفد ، جس کی قیادت فورم صدر دیپک شرما کر رہے تھے، نے وزیر موصوف کو طبقہ کو درپیش مسائل کے بارے میں جانکاری دی اور اس کے فوری ازالہ کا مطالبہ کیا۔ وفد نے وزیر تعلیم سے ذاتی مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے بتایا کہ پلس ٹو لیکچراروں کے علاوہ محکمہ تعلیم کے تمام گزیٹیڈ افسران کی معیاد بند ترقی کو یقینی بنایا جائے اور اس کے لئے بجٹ میں اہتمام کیا جا ئے تا کہ انہیں مالی دشواریوں کی وجہ سے ترقیوں سے محروم نہ رکھا جا سکے ۔ فورم نے اس موقعہ پر بتایا کہ تنظیم سالانہ یومِ لیکچرارکی مناسبت سے تقریب کے اہتمام کا ارادہ رکھتی ہے جو کہ اپریل ماہ میں منایا جا ئے گا اور عزت مآب وزیر تعلیم اس موقعہ پر مہمان خصوصی ہونگے۔ وفد نے جوائنٹ ڈائریکٹر اور چیف ایجوکیشن آفیسر کے عہدوں پر کام کرنے والوں کے علاوہ پرنسپل و لیکچراروں کو ریگولرائز کرنے کا مطالبہ کیا جو کہ پچھلے کئی برس سے اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ پرنسپلوں اور سینئر لیکچراروں کو ترقیاب کئے جانے اک مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ وفد نے پلس ٹو لیکچراروں کی ترقی کے لئے جوائنٹ ڈائریکٹر کے عہدہ پر تعینات کے اے ایس افسران کو واپس بھیجے جانے کی مانگ کی۔ انہوں نے لیکچراروں کو ایس آر او202سے مستثنیٰ قرار دئیے جانے اور تنخواہوں میں پائی جانے والی تفاوت دور کرنے کی بھی مانگ کی۔ وفد میں این ایس جموال، انل شرما، امین شاہ، پردیپ سنگھ، آر ایس سلاتھیا اور فضل حسین شامل تھے۔