جموں //ماتا ویشنوی دیوی شرائین بورڈ کے ٹیکنیکل مشیر اور ممبر ایچ ایل مینی نے کل راج بھو ن میں گورنر این این ووہر ا کے ساتھ ملاقات کی ۔ مینی نے گورنر کو یاتریوں کے لئے مختلف سہولیات کو اَپ گریڈ کے سلسلے میں جاری پروجیکٹوں کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے مینی پر زور دیا کہ شرائین علاقے میں تمام التوأ میں پڑے معاملات کا از خود جائزہ لیںاور کالج آف نرسنگ کمپلیکس کو مکمل کرنے کے سلسلے میں تمام تر اقدامات عمل میں لائے۔اس دوران سابق مرکزی سیکرٹری سیاحت اور گورنر کے مشیر پرویز دیوان نے گورنرسے ملاقات کی۔میٹنگ کے دوران گورنر نے دیوان کے ساتھ نوجوانوں سے متعلق کئی معاملات پر غور و خوض کیاتاکہ نوجوانوں کو اپنی مرضی کے مطابق کیئریر چننے کاموقعہ ملے ۔گورنر نے دیوان کے ساتھ سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کونسلنگ یونٹ قائم کرنے کے معاملے پر غور و خوض کیا ۔دیوان نے گورنر کو نوجوانوں کی بہبودی کے سلسلے میں اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں روشناس کیا۔