راجوری//خوراک ، شہری رسدات ، امور صارفین اور اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے پروجیکٹ تعمیر کے تحت راجوری میں 49سکولی عمارتوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس پروجیکٹ کے تحت راجوری ضلع میں 100 سکولی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔ 49 عمارتوں پر مجموعی طور 4.90کروڑ روپے کی لاگت آنے کا اندازہ ہے۔سنگ بنیاد رکھنے کے بعد پلما میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے اس پروجیکٹ کی شروعات کے لئے ضلع انتظامیہ کو مبارک باد ی ۔انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کو عملانے سے دیہی اور دور دراز علاقوں میں تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ اس شعبے میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کیا جاسکے گا۔چودھری ذوالفقار علی نے ضلع انتظامیہ ، محکمہ تعلیم کے حکام ، اساتذہ ، والدین اور طالب علموں سے تلقین کی کہ وہ سرکاری سکولوں میں تعلیم کے معیار کو مزید بلند اور مستحکم کرنے کے لئے اپنا اپنا کردار اداکریں۔ضلع راجور ی میں گورنمنٹ میڈیکل کالج ،مجوزہ انڈسٹریل ایسٹیٹ ، ایل پی جی بوٹلنگ پلانٹ اور دیگر اداروں کے قیام کو ضلع کے لئے تبدیلی کا باعث قرار دیتے ہوئے انہوں نے نوجوانوں اور طالب علموں سے ان سہولیات سے استفادہ کرنے کی تلقین کی۔ذوالفقار علی نے راجور ی میںجاری ترقیاتی عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ کو 100سکولی عمارتوں کی تعمیر اگلے چار ماہ کے اندر پایہ ٔ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت دی ۔اس سے قبل راجوری کے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ضلع میں 163 ایسے سکولوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کی عمارتیں نہیں ہے اور پروجیکٹ تعمیر کے تحت 100سکولوں کے لئے ترجیحی بنیادوں پر عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔انہوںنے کہا کہ اس مقصد کے لئے محکمہ سکولی تعلیم نے4.53کروڑ روپے فراہم کئے ہیں جبکہ 5.67کروڑ روپے کا انتظام کنورجنس کے تحت کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان سکولوں میں تقریباً 3500طالب علم زیر تعلیم ہیں جو اس سکیم کی عمل آوری سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے اس پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کا یقین دلایا۔