عظمیٰ نیوز ڈیسک
کانپور//بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے پیر کو کہا کہ ہندوستانی حکومت اس بارے میں حتمی فیصلہ کرے گی کہ آیا قومی کرکٹ ٹیم اگلے سال چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا سفر کرے گی۔پاکستان 19 فروری سے 9 مارچ تک آئی سی سی ون ڈے ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا۔انہوں نے کہا”کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا (ابھی تک)۔ لیکن ہماری پالیسی یہ ہے کہ بین الاقوامی دوروں کے لیے ہم ہمیشہ حکومت سے اجازت لیتے ہیں‘‘۔ شکلا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ فیصلہ کرنا حکومت پر منحصر ہے کہ ہماری ٹیم کو کسی بھی ملک میں جانا چاہئے یا ہماری ٹیم کو کسی ملک میں نہیں جانا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں (بھی) حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی، ہم اس کی پابندی کریں گے۔بھارت اور پاکستان صرف آئی سی سی ایونٹس میں ایک دوسرے سے کھیلتے ہیں۔ ممبئی دہشت گردانہ حملوں کی وجہ سے ہندوستان نے 2008 کے بعد سے دو طرفہ کرکٹ کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کیا۔پاکستان سات سال کے وقفے کے بعد گزشتہ سال ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے بھارت میں تھا۔