کنگن//غلام نبی رینہ//پاور کنال گاندربل میں پاندچھ کاایک نوجوان غرقآب ہوگیا۔ فیصل آباد پاندچھ گاندربل کا ایک نوجوان محمد سالم خان ولد عبدالمجید خان اپنے دوستوں کے ہمراہ سیرو تفریح پر سونہ مرگ گیا ہوا تھا ۔ایس ایچ او پولیس سٹیشن گنڈ میر عبدالرشید نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ مذکورہ نوجوان کے دوستوں نے بتایا کہ سلیم احمد خان گنڈ اَکو کے مقام پر نہانے کے دوران پاور کنال میں غرقآب ہوگیا۔معلوم ہوا ہے کہ غرقاب ہوئے نوجوان کے دوستوں نے اُس کے کنال میں غرق ہونے کے بعد کسی کو اس کی اطلاع نہیں دی بلکہ وہ گھر لوٹ آئے اور شب گیارہ بجے انہوں نے محمد سالم کے گھر والوں کو مطلع کیا کہ وہ پاورکنال میں ڈوب گیا، جس کے بعد غرقآب ہوئے نوجوان کے اہلخانہ، رشتہ دار مقامی لوگوں اور پولیس، این ڈی آر ایف،ایس ڈی آر ایف نے نوجوان کی لاش کو برآمد کرنے کی کاروائی شروع کردی۔ ایس ایچ او کے مطابق جائے واردات پر غرقآب ہوئے نوجوان کے کپڑے ملے اور منگلوار دن کے قریب ڈیڑھ بجے مذکورہ نوجوان کی لاش کو فرا ہاکنار میں پاور کنال سے برآمد کیا گیا اور قانونی لوازمات پورا کرکے لواحقین کے حوالے کردی گئی۔ گنڈ پولیس نے اس سلسلے میں زیر دفعہ 174 کے تحت تحقیقات شروع کردی تحصیلدار گنڈ فریدو الدین کھٹانہ نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ پاندچھ گاندربل کا نوجوان سلیم احمد خان گذشتہ روز شام کو نہانے کے دوران پاور کنال گنڈ اکو میں غرقآب ہوگیا اور آج لاش برآمد کرکے لواحقین کے حوالے کردی گئی ۔ پولیس نے اس بارے میں تحقیقات شروع کردی ادھر جب مذکورہ نوجوان کی لاش کو اس کے آبائی علاقے پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا۔ اس دوران تحصیل گنڈ کے لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ رائل سے لیکر فرا ہاکنار تک پاور کنال کو دونوں طرف تاربندی کی جائے تاکہ دوبارہ ایسے حادثات رونما نہ ہو۔