سرینگر//وزیر برائے صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول شام لال چودھری نے کل شریف آباد سرینگر میں جہلم فلڈ سپل چینل پر جاری صفائی کے کام کا جائیزہ لیا جس پر فلڈ منیجمنٹ پروجیکٹ مرحلہ اول کے تحت کام جاری ہے ۔ اُن کے ہمراہ سیکرٹری صحت عامہ اور آبپاشی و فلڈ کنٹرول تھے ۔ ڈپٹی کمشنر بڈگام ، چیف انجینئر آبپاشی و فلڈ کنٹرول ، سپرنٹینڈنگ انجینئر آبپاشی و فلڈ کنٹرول اور دیگر متعلقہ حکام اس موقعہ پر موجود تھے ۔ انہیں بتایا گیا کہ چینل سے درختوں کی کٹائی اور زمین کے حصول ،حفاظتی باندھوں کی تعمیر کا کام شدو مد سے جاری ہے ۔ دورے کے دوران وزیر کو پادشاہی باغ سے جھیل وُلر تک فلڈ سپل چینل کیلئے مرتب جامع منصوبے کے بارے میں بھی تفصیل دی گئی ۔ انہیں بتایا گیا کہ درختوں کی کٹائی کیلئے دوہرے شفٹوں میں کام جاری ہے اور اب تک زاید از 25 ہزار درختوں کی کٹائی عمل میں لائی گئی ہے جس سے قریباً 1 ہزار 50 کنال اراضی مٹی کے باندھوں کی تعمیر اور دیگر متعلقہ کاموں کیلئے دستیاب ہے ۔ فلڈ سپل چینل پر کام وزیر اعظم تعمیر نو منصوبے کے تحت 399.29 کروڑ روپے کی لاگت سے جاری ہے ۔ یہ چینل بمنہ سے نائد کھیئی براستہ خوشی پورہ سرینگر ، بڈگام اور بانڈی پورہ اضلاع سے گذرے گی ۔ شام چودھری نے چینل پر جاری کھدائی اور درختوں کی کٹائی کے کام کا معائینہ کیا اور متعلقہ افسران کو ایک عارضی ڈرنیج چینل کی کھدائی کرنے کی ہدایت دی تا کہ جمع پانی اور بارش کا پانی اُسی میں جمع ہو سکے جس سے فلڈ سپل چینل کے دونوں کناروں پر مٹی کے باندھ تعمیر کرنے میں آسانی ہو گی ۔ متعلقہ افسران نے وزیر کو تفصیل دیتے ہوئے مطلع کیا کہ ان کاموں کیلئے 1700 کنال اراضی کی ضرورت ہے اور اب تک قریباً ایک ہزار کنال زمین حاصل کی گئی ہے ۔ باقی ماندہ زمین کے حصول کا عمل جاری ہے اور اس ضمن میں متاثرہ دیہات کے باشندگان کی باز آباد کاری کیلئے ڈپٹی کمشنروں کو زمین کے معاوضے کی رقم فراہم کی گئی ہے ۔ انہیں بتایا گیا کہ انتظامیہ نے کھودی گئی مٹی کو جمع کرنے کیلئے جگہ فراہم کی ہے ۔ سیکرٹری صحت عامہ ، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول نے کہا کہ محکمہ نے پہلے ہی متعلقہ ڈپٹی کمشنروں کو زمین کے معاوضے کے طور پر 84 کروڑ روپے واگذار کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول نے 2016-17 کیلئے مقررہ ہدف مکمل کیا ہے اور اس پر 141 کروڑ روپے صرف کئے گئے ہیں جبکہ مرکزی حکومت سے رواں مالی سال کے دوران مزید 220 کروڑ روپے کے حصول کی توقع ہے ۔ وزیر نے متعلقہ حکام کو فلڈ سپل چینل پر تمام کام دسمبر 2017 تک مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔