پونچھ//سرسوتی سنگیت ودیالا اور کہکشاں کلچرر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام مقامی تنظیموں اور گوجر بکروال ایمپلائز ایسوسیشن کے اشتراک سے ڈاک بنگلہ پونچھ میں ضلع کے معروف ادیب اور گلوکار ٹھاکر پونچھی کی یاد میں ایک موسیقی پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ طارق احمد زرگرمہمان خصوصی تھے جبکہ مہمان اعزازی کی حیثیت سے ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے نے شرکت کی۔ اس موقع پراے ڈی سی پونچھ ڈاکٹر بشارت انقلابی، اے سی آر اشرف چوہان، ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر شاہد نعیم، ایکس ای این محکمہ تعمیرات عامہ بھگت کے کے کپور، بشیر مغل،ایڈوکیٹ سنجے رینا، ڈاکٹر شیم احمد بانڈے، اسد نعمانی، امتیاز سلاریہ،صابر حسین صابر بٹا،روجیو ٹھاکرآصف میر کے علاوہ معزز شہریوں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس دوران معروف گلوکار سورج سنگھ شال نے اپنی سریلی آواز میں ڈوگری، پنجابی،پہاڑی ، اردو، گوجری اور ہندی غزلیں پیش کر کے محفل میں چار چاند لگا دیئے۔ دوران محفل شیخ سجاد پونچھی نے ٹھاکر پونچھی کی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی۔ضلع ترقیاتی کمیشنر نے محفل موسیقی کی انتظامیہ میں شامل تمام تنظیموں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کاا نعقاد کرنے سے جہاں ادب کی خدمت کی جاتی ہے وہیں لوگوں کو سکون کے چند لمحات دستیاب ہوتے ہیں۔ ایس ایس پی پونچھ نے بھی سروستی کلا کیندر کے بانی ماسٹر کرتار چند اور ان کے تمام کارکنان اور عہدیداران کو مبارک باد پیش کی جو پونچھ جیسے سرحدی ضلع میں موسیقی کی تربیت دینے کے ساتھ ساتھ اس طرح کے پروگراموں کا اہتمام کر کے نوجوان نسل کو بری صحبتوں سے بچاتے ہیں۔پروگرام کے اختتام پر اے ڈی سی ڈاکٹر بشارت انقلابی کے ہاتھوں تمام مہمانوں میں گوجر اینڈ بکروال ایسوسیشن کے صدر اسد نعمانی کی جانب سے یادگاری مومنٹو دیئے گئے جبکہ یشن کے صدر امتیاز سلاریہ نے گلوکار سورج سنگھ کو شال اوڑھا کر عزت افزائی کی۔اختتامی کلمات میں ڈاکٹر بشارت حسین انقلابی نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کے پیچھے بہت بڑی محنت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اتنا طویل پروگرام ہونے کے باوجود انھیں کسی طرح کی تھکاوٹ کا احسان نہیں ہورہا ہے۔ انہوں نے بھی منتظمین کو مبارک باد پیش کے۔پروگرام کے دوران نظامت کے فرائض سجاد پونچھی نے انجام دیئے۔