ایجنسیز
واشنگٹن//امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ صرف ٹیرف معاملہ پر ہی نہیں، بلکہ کئی مختلف وجوہات کے سبب بھی مستقل سرخیوں میں ہیں۔ تازہ معاملہ فرانسیسی صدر امینوئل میکروں کے ایک ’ذاتی پیغام‘ سے متعلق ہے، جسے ٹرمپ نے لیک کر دیا ہے۔ میکروں نے اس میسج میں ٹرمپ سے کچھ ذاتی گزارشات کی تھیں، جس کا ٹرمپ مذاق اڑاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔یہ ’ذاتی پیغام‘ ایسے وقت میں لیک کیا گیا ہے، جب ٹرمپ اور میکروں کے درمیان رسہ کشی کی خبریں گشت کر رہی ہیں۔ ٹرمپ نے فرانس کی شراب پر 200 فیصد ٹیرف نافذ کرنے کی دھمکی دی ہے اور گرین لینڈ معاملہ پر بھی فرانس اور امریکہ میں رسہ کشی والا ماحول ہے۔ ان حالات میں ’سوشل ٹروتھ‘ پر شیئر لیک میسج نے عالمی سطح پر ہلچل پیدا کر دی ہے۔ لیک میسج میں میکروں گرین لینڈ کو لے کر ٹرمپ سے کچھ گزارش کر رہے ہیں۔ ٹرمپ سے میکروں کہہ رہے ہیں کہ ’آپ گرین لینڈ سے متعلق جو کر رہے ہیں، وہ مجھے کچھ سمجھ نہیں آرہا ہے۔‘ٹرمپ نے میکروں کے حوالہ سے جو اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے، اس میں لکھا ہے– ’میرے دوست، شام کے ایشو پر ہم پوری طرح متفق ہیں۔ ہم ایران کے معاملہ میں بہت کچھ کر سکتے ہیں، لیکن مجھے سمجھ نہیں آرہا ہے کہ آپ گرین لینڈ پر کیا کر رہے ہیں؟ آئیے اہم چیزوں کی تعمیر کی کوشش کرتے ہیں۔‘ میکروں نے 2 اہم مشورے بھی ٹرمپ کو دیے ہیں، جو اس طرح ہیں:میں داووس کے بعد جمعرات کی دوپہر کو پیرس میں جی-7 کی میٹنگ منعقد کر سکتا ہوں۔ میں یوکرینین، ڈینش، شامی اور روسی نمائندوں کو بھی مدعو کر سکتا ہوں۔اگر آپ چاہیں تو آپ کے امریکہ لوٹنے سے قبل جمعرات کو پیرس میں ہم ساتھ میں ڈنر کریں۔