تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کی 4 پنچائتوں کی بجلی سپلائی گزشتہ ایک ہفتہ سے منقطع ہے جسکی وجہ سے عوام خاص کر طلباء کو سخت مشکلات کاسامناہے ۔ الال،برہون،کھنیالکوٹ اور ڈھوک جہاں کی آبادی ہزاروں میں ہے ،میں بجلی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو پریشانیاں ہی پریشانیاں ہیں۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ15 دیہات کے چار ہزار عوام گزشتہ ایک ہفتہ سے بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ پریشان ہیں۔لوگوںنے محکمہ بجلی کے اہلکاروں پر الزام عائدکرتے ہوئے کہا کہ انہیں جان بوجھ کر نظرانداز کیاجارہاہے ۔شکیل احمد نجار سکنہ کھنیال کوٹ اور لعل حسین سکنہ برہون کا کہنا کہ محکمہ کے اہلکار نہایت ہی لاپرواہی سے کام لیتے ہیں،معمولی سا موسم خراب ہوتے ہی بجلی گل کردی جاتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ بدستور صارفین سے بجلی کا کرایہ وصول کر رہا ہے ایک ہفتے سے سپلائی نہیں فراہم ہورہی۔انہوں نے کہا کہ بجلی شیڈول کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں ۔اس ضمن میں محکمہ بجلی کے جونیئر انجینئر محمد ایوب کا کہناہے کہ ان علاقوں کو سپلائی کرنے والا ٹرانسفارمر خراب ہے جسکی وجہ سے سپلائی میں خلل آرہاہے۔تاہم انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ وہ بذات خود موقعہ پر جا کر اس خرابی کو دور کریں گے اور بجلی سپلائی بحال کردی جائے گی ۔