جموں / دیہی ترقی اور پنچائتی راج کے وزیر اے آر ویری نے افسروں سے کہا ہے کہ وہ مزید تندہی اور لگن کے ساتھ کام کر کے کلیدی سیکٹروں میں اہداف کے حصولیابی کو یقینی بنائیں۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار آج یہاں دیہی ترقی محکمہ کے افسروں کی ایک جائیزہ میٹنگ کے دوران کیا۔ دیہی ترقی اور پنچائتی راج کے وزیر مملکت شکتی راج پریہار، سیکرٹری آر ڈی ڈی شیتل نندہ، ڈی سی جموں اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔میٹنگ میں وزیر نے مختلف سکیموں کی حصولیابیوں اورعمل آوری کا تفصیلی جائیزہ لیا گیا۔ایم جی نریگا کے حوالے سے وزیر کو بتایا گیا کہ مارچ 2018 کے آخر تک108683 مزدوروں کو درج کیا گیا جن میں سے مستحقین میں75380 جاب کارڈ تقسیم کئے گئے۔وزیر نے کہا کہ دیہی ترقی محکمہ دیہی سیکٹر میں سماج و اقتصادی حالت میں بہتری لانے میں ایک اہم رول ادا کررہا ہے۔وزیر نے کہا کہ مختلف محکموں کو وسائل جمع کر کے انہیں موثر ڈھنگ سے بروئے کار لائیں۔وزیر موصوف نے سوچھ بھارت مشن کے مختلف مدوں کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے اضلاع کو اگست2018 تک کُھلے میں رفع حاجت سے پاک کریں۔ویری نے افسروں پر زو ر دیا کہ وہ دیرپا اثاثے دیہی علاقوں میں قائم کریں تا کہ دیہی نوجوانوں کے لئے روز گار کے وسائل بھی پیدا کئے جاسکیں۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت شکتی راج پریہار نے متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ مختلف فلاحی سکیموں کو موثر ڈھنگ سے عملائیں۔ انہوں نے افسروں سے کہا کہ وہ کاموں میں سرعت لاکر دیہی علاقہ کے لوگوں کی راحت رسانی کو ہر صورت میں یقینی بنائیں۔