شوپیان میں76 کروڑ روپےکے 13 اہم ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد اور اِفتتاح
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل ضلع شوپیان کے ترقیاتی کاموں، اہم سرکاری سکیموں کی عمل آوری اور عوامی خدمات کی مجموعی فراہمی کا جائزہ لینے کے لئے ایک جامع ضلعی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی ۔وزیر اعلیٰ نے ضلع کے لوگوں کے لئے 76 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی پروجیکٹوں کو وقف کیا ،کئی بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور کسانوں، باغبانوں، پھلوں کے کاشتکاروں اور عوامی وفود سے ملاقات کر کے اُن کے مسائل سُنے۔میٹنگ میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو تیز کرنے، ضروری عوامی خدمات کو مزید مضبوط بنانے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی تاکہ ان کے ثمرات بغیر کسی تاخیر کے لوگوں تک پہنچ سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ اگرچہ شوپیان رقبے کے لحاظ سے ایک چھوٹا ضلع ہے، تاہم جغرافیائی اور سٹریٹجک اعتبار سے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اسے منفرد ترقیاتی چیلنجز درپیش ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ شوپیان کی شناخت عالمی شہرت یافتہ سیب کی صنعت، دِلکش قدرتی مناظر اور تاریخی مغل روڈ سے جڑی ہوئی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت ان اثاثوں کو مزید مستحکم بنانے کے لئے ہدفی سرمایہ کاری اور مسلسل ترقیاتی اقدامات کے لئے پُرعزم ہے۔وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر کو درپیش مالی مشکلات کا اعتراف کیا لیکن یقین دلایا کہ یہ مشکلات ضلع کی ترقی میں رُکاوٹ نہیں بنیں گی۔اُنہوں نے منتخب نمائندوں کو یقین دِلایا کہ میٹنگ میں اُٹھائے گئے تمام مسائل اور مطالبات کو نوٹ کیا گیا ہے اور انہیں مقررہ مدت کے اندر حل کیا جائے گا۔اُنہوں نے خصوصی ریاستی اِمدادی سکیم برائے سرمایہ کاری ( ایس اے ایس سی آئی) کے تحت منظور شدہ منصوبوں کی مؤثر عمل آوری پر زور دیتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے ان کاموں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔اُنہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت سخت ٹائم لائنز مقرر ہیں۔ اس لئے منصوبوں کی مسلسل نگرانی ناگزیر ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مجموعی طور پر 76.45 کروڑ روپے لاگت کے 13 ترقیاتی منصوبوں کا اِفتتاح کیا اور ان کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ منصوبے سڑکوں، پُلوں، پینے کے پانی، شہری ترقی، دیہی بنیادی ڈھانچے اور باغبانی کے شعبوں سے متعلق ہیں۔اِفتتاح کئے گئے منصوبوں میں شیرمال۔واتھو۔مٹی پورہ سڑک کی اَپ گریڈیشن، شاداب کیریوا، ڈوم وانی، آڈیجن گڈی پورہ اور ریبن کھوج پورہ میں واٹر سپلائی سکیمیں، گاگرین میں پنچایتی راج اداروں کے ارکان کے لئے رہائشی عمارت، ٹرینز۔شیخ پورہ پُل اور صفا نگری۔لامین درباغ واچی سڑک کی اَپ گریڈیشن شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے ڈوم پورہ ملٹی سیل کاز وے، شوپیان شہر کی خوبصورتی کے لئے نالیوں، گلیوں اور سٹریٹ لائٹس کی بہتری، میگا فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل منڈی اگلر میں میکنیکل ونڈرو کمپوسٹنگ یونٹ اور اللوپورہ میں پاسچرائزڈ کمپوسٹ سازی یونٹ کے منصوبوں کا اِی۔سنگ بنیاد رکھا۔اُنہوں نے اگلر میں میگا فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل منڈی میں نیلامی پلیٹ فارم کی تعمیر کا سنگ بنیاد بھی رکھا جس کا مقصد فصل کی کٹائی کے بعد کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور باغبانوں کے لئے بہتر مارکیٹنگ سہولیات فراہم کرنا ہے۔بعد میں وزیر اعلیٰ نے ضلع شوپیان کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفود سے ملاقات کی جنہوں نے انہیں مقامی مسائل، ترقیاتی مطالبات اور عوامی شکایات سے آگاہ کیا۔