عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے سالانہ امرناتھ یاترا کے آغاز پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس سال یاترا پر روانہ ہونے والے تمام ہندو عقیدت مندوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ بخاری نے کہا، ’’میں سالانہ امرناتھ یاترا کے آغاز پر ہندو برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘‘انہوں نے کہا، ’’یہ سالانہ یاترا ہمیشہ سے جموں و کشمیر کی ہمہ گیر، مشترکہ اور روادار تہذیب کی علامت رہی ہے۔ یہ ہمارے ان مشترکہ اقدار کی عکاسی کرتی ہے جو مذہبی ہم آہنگی، باہمی احترام اور مہمان نوازی پر مبنی ہیں۔‘‘جموں و کشمیر کے عوام، بالخصوص مسلم برادری کی جانب سے برسوں سے یاترا کے کامیاب اور پْرامن انعقاد میں ادا کیے جانے والے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے کہا، ’’جموں و کشمیر کے عوام، خصوصاً مسلم برادری، نے ہمیشہ یاترا کے محفوظ، پْرامن اور بلا رکاوٹ انعقاد کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور وہ آج بھی اسی جذبہ اخوت، رواداری اور مہمان نوازی کے ساتھ اس عظیم روایت کو آگے بڑھانے کے لیے پْرعزم ہیں۔‘‘