عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر کو وزیراعظم فنڈ کے تحت 275 آرٹیفیشل اِنٹلی جنس( اے آئی)سے چلنے والی پورٹیبل ہینڈ ہیلڈ ایکسرے مشینیں، 9 ایم آر آئی (1.5 ٹیسلا)یونٹس اور 4 ڈیجیٹل میموگرافی یونٹس فراہم کرنے کی منظوری دی ہے جس سے یونین ٹیریٹری میں تشخیصی طبی سہولیات کو نمایاں تقویت ملے گی۔اِس منصوبے کی عمل آوری کے لئے مرکزی وزارتِ صحت و خاندانی بہبود اور حکومت جموں و کشمیر کے درمیان ایک مفاہمت نامہ پر دستخط کئے گئے ہیں۔ یہ جدید طبی آلات تشخیصی خدمات کو مضبوط بنانے، بیماریوں کی بروقت تشخیص کو بہتر بنانے، بریسٹ کینسر سکریننگ اور آرٹیفیشل انٹلی جنس سے چلنے والی ٹی بی سکریننگ کی معاونت کے لئے جموں و کشمیر کے مختلف سرکاری صحت اِداروں میں نصب کئے جائیں گے۔
ان آلات کی خریداری، تنصیب اور فعال بنانے کا کام مرکزی حکومت اپنی نامزد ایجنسیوں کے ذریعے انجام دے گی جبکہ آنے والے مہینوں میں سپلائی شروع ہونے کی توقع ہے۔ محکمہ صحت و طبی تعلیم اس بات کو یقینی بنائے گا کہ متعلقہ مقامات بروقت تیار ہوں، مطلوبہ عملہ تعینات کیا جائے اور آلات کو جلد از جلد فعال بنایا جائے تاکہ یہ جدید تشخیصی سہولیات جموں و کشمیر کے لوگوں کو جلد از جلد دستیاب ہوں۔یہ منظوری محکمہ صحت و طبی تعلیم کی مسلسل کاوشوں کا نتیجہ ہے اور جموں و کشمیر میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور جدید تشخیصی سہولیات تک لوگوںکی رسائی بڑھانے کے حکومت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔چیف سیکرٹری جموںوکشمیر اتل ڈولو صحت شعبے میں اِصلاحاتی اقدامات کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ ان کی توجہ صحت کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے، صحت عامہ کے اِداروں کو مضبوط بنانے، تشخیصی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور یونین ٹیریٹری میں معیاری صحت خدمات کی مساوی رسائی کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے۔اِس اقدام سے سرکاری ہسپتالوں کی تشخیصی صلاحیت میں خاطر خواہ اِضافہ ہوگا، مریضوں کو دوسرے مراکز بھیجنے کی ضرورت کم ہوگی، بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج ممکن ہوگا اور یوٹی بھر میں صحت عامہ کے نتائج بہتر ہوں گے۔