عظمیٰ نیوزسروس
جموں// آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) نے مبینہ طور پر پارٹی مخالف سرگرمیوں کے الزام میں جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے اپنے دو اراکین کو فوری اثر سے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے معطل کر دیا ہے۔اے آئی سی سی کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق، یہ فیصلہ کانگریس صدر کی منظوری کے بعد کیا گیا۔ معطل کیے گئے رہنماؤں میںمحمد انور بٹ اور بشیر احمد خان شامل ہیں، جو جموں و کشمیر سے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے رکن تھے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ تادیبی کارروائی جموں و کشمیر میں مبینہ پارٹی مخالف سرگرمیوں کے باعث عمل میں لائی گئی ہے۔پارٹی کی جانب سے جاری حکم کے مطابق معطلی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، تاہم کانگریس نے ان سرگرمیوں کی نوعیت یا تفصیلات واضح نہیں کیں جن کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی۔یہ حکم اے آئی سی سی کے ممبر سیکریٹری طارق انور کی جانب سے جاری کیا گیا۔