عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// بڑے پیمانے پر برف باری، تیز ہوائوں اور برفانی طوفان کے بعد خراب موسمی حالات کے درمیان، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کی شام یہاں سول سیکریٹریٹ میں ایک اعلی سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں وزیر ستیش شرما ، ایڈیشنل چیف سکریٹری دھیرج گپتا،ایڈیشنل چیف سکریٹری آر اینڈ بی، انیل کمار سنگھ؛ آئی جی پی کشمیر وی کے بردی، ڈویژنل کمشنر کشمیر انشول گرگ، ڈپٹی کمشنر سرینگر اکشے لابرو،کمشنر میونسپل کارپوریشن، فضل لل حسیب،مختلف محکموں کے سربراہان اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ڈویژنل کمشنر جموں اور وادی کشمیر اور جموں ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنروں نے ورچوئل موڈ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ نے گزشتہ شام سے جاری شدید برفباری، بارش اور تیز ہوائوں سے ہونے والے اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
کشمیر اور جموں کے ڈویژنل کمشنروں نے وزیر اعلیٰ کو موجودہ زمینی صورتحال اور بحالی کی کوششوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔اس کے بعد ڈپٹی کمشنروں کے ذریعہ ضلع وار جائزہ لیا گیا، جس میں جموں و کشمیر میں برف کے جمع ہونے اور تیز رفتار ہوائوں کی وجہ سے متاثر ہونے والی بجلی کی فراہمی، پینے کے پانی، سڑک کے رابطے اور دیگر بنیادی سہولیات سمیت ضروری خدمات کی حالت پر توجہ دی گئی۔وزیراعلی نے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام کی تکلیف کو کم کرنے کے لیے ان کے تیز اور موثر ردعمل کو سراہا۔ انہوں نے ضروری خدمات کے بلاتعطل کام کو یقینی بنانے کے لیے موجودہ موسمی ایڈوائزری کے پیش نظر تیاری اور ہم آہنگی کی اسی سطح کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ترجیحی بحالی پر زور دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ عوام کی مشکلات سے بچنے کے لیے سڑکوں کے رابطے اور بجلی کی فراہمی کو جلد از جلد بحال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے عوامی خدمات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بحالی کے اقدامات کے بارے میں باقاعدہ اپ ڈیٹس بھی طلب کیں۔وزیر اعلی نے متعلقہ حکام کو مزید ہدایت دی کہ وہ خراب موسم کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا بروقت تخمینہ لگائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔اس سے پہلے وزیراعلی نے X پر اپنے آفیشل ہینڈل پر کہا” بنیادی طور پر تقریباً تمام 33KV فیڈرز بشمول ہنگامی خدمات فراہم کرنے والے فیڈرز کی بندش کی وجہ سے وادی میں فعال بجلی کا لوڈ معمول کے 1700 میگاواٹ کے مقابلے میں 100 میگاواٹ سے کم ہے” ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ٹیمیں کام کر رہی ہیں، لیکن بڑے پیمانے پر درخت لائنوں پر گر ے ہیں، جو بڑی رکاوٹیں ہیں۔بعد میں یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے عبداللہ نے کہا کہ وادی میں تقریبا ًپورا بجلی سپلائی کا نظام خراب موسم کی وجہ سے بند ہو گیا تھا لیکن محکمہ اس کی فوری بحالی پر کام کر رہا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ برفباری کے پیش نظر حکومت کی توجہ بجلی، سڑکوں اور پانی کی فراہمی کی بحالی پر ہے۔انہوں نے کہا”سب سے پہلے ترجیحی سڑکیں کھولی جا رہی ہیں، جس کے بعد B اور C کیٹیگری کی سڑکوں سے برف ہٹائی جائیگی۔