جموں //وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کیلئے منگل کا دن خاصا مصروف رہا جس کے دوران مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں نے ان کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے علاقوں اور طبقوں کے مسائل حل کرنے کیلئے میمورنڈم پیش کئے ۔سرکاری ترجمان کے مطابق پہاڑی طبقے سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کے ایک وفد نے وزیرا علیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی اور پہاڑی طبقے کے لوگوں کو تین فیصد ریزرویشن دِلانے کے اُن کے تواریخی فیصلے کے لئے شکر یہ ادا کیا۔اس وفد میں رکن قانون سازیہ جاوید حسین بیگ، شاہ محمد تانترے ، راجا منظور احمد ، جاوید مرچال اور سابق ارکان قانون سازیہ مشتا ق بخاری ، شبیر احمد خان، محمد رشید قریشی ، مرزا عبدالرشید اور اشوک شرما کے علاوہ طبقے کے کئی دیگر سینئر نمائندے بھی شامل تھے۔وفد نے اس فیصلے کو پہاڑی طبقے کی شناخت قائم کرنے کے لئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پہاڑی طبقے کو سماجی ، سیاسی اور اقتصادی طور بااختیاربنانے میں مدد ملے گی۔آل جے اینڈ کے پہاڑی ٹرائب جوائنٹ فورم کے ایک وفد نے بھی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی اور طبقے کو تین فیصد ریزرویشن دِلانے کے لئے ان کا شکر یہ ادا کیا۔ادھرگردوارہ پربندھک کمیٹی کے ارکان کے ایک وفد نے ایس جنک سنگھ کی قیادت میں سرکاری نوکریوں میں سکھ طبقے کو ریزرویشن دلانے ، اس طبقے کو اقلیتوں کا درجہ دینے اور سکھ برادری کے لئے کئی دیگر مطالبات وزیر اعلیٰ کی نوٹس میں لائے ۔فردوس احمد ٹاک کی قیادت میں مڑوا کشتواڑ کے ایک وفد نے علاقے میں ایک آف گرڈ سولر کنکٹیوٹی قائم کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے برسر پروجیکٹ سے متاثرہ لوگوں کے لئے ایک باز آباد کاری پیکیج تشکیل دینے کے علاوہ خطے میں مزید سلیولر نیٹ ورک متعارف کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ وفد نے مڑوا میں ایک پیکیجنگ یونٹ قائم کرنے ، ایکو سیاحت کو بڑھاوا دینے کے علاوہ علاقے میںصحت و سڑک رابطوں کی سہولیات کو بڑھاوا دینے کے معاملات کو بھی اُجاگر کیا۔ کسانوں کے ایک وفد نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے مطالبات ان کے سامنے رکھے۔لیہہ اور کرگل سے تعلق رکھنے والے کئی وفود نے نوبرا میں کالج قائم کرنے ، ترتک کو سیاحتی نقشے پر لانے اور کئی دیگر معاملات اُجاگر کئے۔لنگیٹ سے تعلق رکھنے والے وفد نے حلقے میں ترقیاتی عمل کو آگے لے جانے کا مطالبہ کیا۔ پہلگام اور عشمقام کے وفود نے ان علاقوں میں بجلی کی صورتحال میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولیات کو بڑھاوا دینے کا مطالبہ کیا۔راجا منظور اور جاوید مرچال کی سربراہی والے وفد نے کپواڑہ ۔ کرناہ سڑک پر سادھنا ٹاپ ٹنل تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔بشناہ کے وفد نے علاقے میں ایک کمیونٹی ہال کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔اندروال ، سری گفوارہ ، ہوم شالی بگ ، ریاسی ، بھدرواہ اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے وفود نے بھی وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے اپنے مطالبات سامنے رکھے۔وزیر اعلیٰ نے وفود کے مطالبات غور سے سنے اور یقین دلایا کہ ان تمام مطالبات کو ایک معیاد بند مدت کے اندر اندر پورا کیا جائے گا۔