ایجنسیز
کٹھمنڈو// نیپال کے ضلع ڈھاڈنگ میں گجوری کے قریب پیر کی علی الصبح ایک مسافر بس ٹرشولی دریا میں گرنے سے کم از کم 18 افراد ہلاک جبکہ 26 زخمی ہو گئے۔مسلح پولیس فورس کے ترجمان بشنو پرساد بھٹہ کے مطابق یہ حادثہ رات تقریباً ڈیڑھ بجے اْس وقت پیش آیا جب پوکھرا سے کٹھمنڈو آنے والی بس پرتھوی ہائی وے پر کٹھمنڈو سے تقریباً 90 کلومیٹر مغرب میں ٹرشولی دریا میں جا گری۔انہوں نے بتایا کہ حادثے کے مقام سے 17 لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ 28 زخمی مسافروں کو بس سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے مختلف اسپتالوں میں داخل کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو آپریشن کے لیے نیپال آرمی، مسلح پولیس فورس اور نیپال پولیس کے اہلکاروں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک مرد مسافر کا تعلق نیوزی لینڈ سے ہے، جبکہ زخمیوں میں ایک جاپانی اور ایک ڈچ خاتون شامل ہیں۔پولیس کے مطابق حادثے کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، تاہم ابتدائی طور پر تیز رفتاری کو ممکنہ سبب قرار دیا جا رہا ہے۔