یو این آئی
ویلنگٹن//نیوزی لینڈ کے شمالی ساحل پر ایک کیمپنگ ایریا میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں دو افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کے بعد جمعہ کو بعض نوعمروں سمیت 6 افراد کیلاپتہ ہونے کا بھی اعلان کیا ہے۔ریڈیو نیوزی لینڈ کے مطابق ملک میں ریکارڈ توڑ بارش کے بعد بروز جمعرات ایک تفریحی کیمپوں کے میدان پر مٹی کا تودہ گرنے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 6 لاپتہ ہو گئے ہیں۔نیوزی لینڈ میں چین کے سفیر وانگ شیاولونگ نے متاثرین میں سے ایک کے چینی شہری ہونے کی تصدیق کی ہے۔اطلاع کے مطابق جمعرات کو کوہِ مائون گنویی سے پھسلنے والا تودہ پکنک کے لئے لگائے گئے تفریحی خیموں کے اوپر آ گرا۔ مٹی گارے کے سیلاب نے خیموں کو تباہ و برباد اور آٹو کاروانوں کو قریبی گرم چشموں میں گِرا دیا۔لاپتہ افراد کی تلاش اور بچاو کی کارروائیاں جاری ہیں۔پولیس ڈسٹرکٹ کمانڈر ‘ٹم اینڈرسن’ نے کہا ہے کہ’وسیع پیمانے پر تلاش و بچاو کا کام تاحال جاری ہے’۔ٹِم نے کہا ہے کہ اس سے مشابہہ دیگر واقعات میں آفت سے بہت دیر بعد بھی متاثرین کے زندہ بچ جانے کی مثالیں موجود ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ دنوں کی بارشوں میں 12 گھنٹوں کے دوران’کوہِ مائون گنویی’ کے علاقے میں اڑھائی ماہ کی بارانی سطح کے برابر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔حکام نے موسلا دھار بارشوں کے بعد قدرتی آفات اور آفات کے نتیجے میں پہنچنے والے نقصان کے باعث علاقے میں متعدد شاہراہوں کو ہفتے کے اواخرمیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔