جاوید اقبال
مینڈھر// کابینہ وزیرجاوید احمد رنانے کہا ہے کہ مینڈھر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کیلئے کئی بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ خطے کے باصلاحیت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ مینڈھر میں ایک جدید انڈر گراؤنڈ اسٹیڈیم تعمیر کیا جا رہا ہے، جس کا ٹینڈر بہت جلد جاری ہونے والا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں کھیلوں کے فروغ کو نئی تقویت ملے گی اور نوجوانوں کو بہتر ماحول فراہم ہوگا۔کابینہ وزیر نے مزید کہا کہ منکوٹ میں بھی ایک عظیم الشان کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جا رہا ہے، جو خطے کے نوجوان کرکٹرز کیلئے ایک بڑی سہولت ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس اسٹیڈیم کی تعمیر سے نہ صرف مقامی سطح پر کرکٹ کو فروغ ملے گا بلکہ مستقبل میں بڑے کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کیے جا سکیں گے۔جاوید احمد رانا نے یہ بھی انکشاف کیا کہ مینڈھر قصبہ کے اطراف میں ایک اور نئے کرکٹ اسٹیڈیم کے قیام کا منصوبہ زیر غور ہے، جس کیلئے مناسب جگہ کی تلاش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کھیلوں کے شعبے میں جدید انفراسٹرکچر قائم کر کے نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے مینڈھر، منکوٹ اور ملحقہ علاقوں کے نوجوانوں کو نہ صرف بہتر کھیل کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ خطے میں کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کو بھی نمایاں فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی شخصیت سازی اور انہیں منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اسی لیے حکومت اس شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔