عظمیٰ نیوز سروس
جموں//اَٹل ڈلو، چیف سیکریٹری جموں و کشمیر نے آؤٹ ریچ پر مبنی ’نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان‘کی پیش رفت اور اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ یہ مہم محکمہ اطلاعات کی قیادت میں مختلف سرکاری محکموں کے اشتراک سے یونین ٹیریٹری بھر میں چلائی جا رہی ہے۔اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری داخلہ، کمشنر سیکریٹری اطلاعات و جی اے ڈی، یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس، سماجی بہبود، دیہی ترقی، آئی جی پی کرائم، جموں میونسپل کارپوریشن کے کمشنر، ڈائریکٹر اطلاعات و تعلقات عامہ سمیت مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے جبکہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔جائزہ اجلاس کے دوران چیف سیکریٹری نے نشہ مکت جے کے پورٹل کو قومی ’نشہ مکت بھارت ابھیان‘ پورٹل سے منسلک کرنے کی ہدایت دی تاکہ ڈیٹا شیئرنگ، نگرانی اور سرگرمیوں کی مؤثر مانیٹرنگ ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے تربیت یافتہ کونسلرز کو تعلیمی اداروں، پنچایتوں، شہری بلدیاتی اداروں اور صحت مراکز کے ساتھ پورٹل پر میپ کرنے پر بھی زور دیا۔انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ نشہ چھٹکارا اور کونسلنگ سے متعلق سرٹیفائیڈ کورسز متعارف کرائے جائیں تاکہ تربیت یافتہ افرادی قوت تیار ہو سکے۔ اس سلسلے میں آئی ایم ایچ اے این ایس سری نگر کو بھی تربیتی سہولیات کو جموں ڈویڑن تک وسعت دینے کی ہدایت دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ صحت، تعلیم، دیہی ترقی، سماجی بہبود، شہری ترقی، یوتھ سروسز، پولیس اور ایکسائز سمیت آٹھ اہم محکمے مہم میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ اب تک پنچایتوں، شہری اداروں اور تعلیمی مراکز میں 9 ہزار سے زائد بیداری پروگرام منعقد کیے جا چکے ہیں جن میں 4 لاکھ 51 ہزار سے زیادہ افراد نے شرکت کی، جبکہ 218 افراد کو بحالی پروگرام کے تحت فائدہ پہنچایا گیا۔چیف سیکریٹری نے مختلف طبقات بشمول آشا ورکرس، سیلف ہیلپ گروپس، نوجوانوں، بزرگوں اور سرکاری ملازمین کیلئے مخصوص بیداری مواد تیار کرنے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے پورٹل کو اسٹیٹ ڈیٹا سینٹر پر منتقل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بین محکمہ جاتی تال میل اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے نشہ مکت جموں و کشمیر مہم کو ایک عوامی تحریک بنایا جائے گا۔