یو این آئی
سرینگر// سرینگر میں جنسی زیادتی کے کیس میں ملوث چاروں ملزموں کو گرفتار کرنے کے بعد عدالت نے 6روز کی پولیس تحویل میں دے دیا۔پولیس ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ سرینگر پولیس نے واٹر ورکس روڈ، نشاط کے قریب کچھ افراد کے ایک گروپ کی طرف سے ایک خاتون (نام ظاہر نہیں کیا گیا) پر جنسی زیادتی کی کوشش کی۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر فوری کارروائی انجام دی۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ خاتون کو شدید چوٹیں آئی تھیں اور اس کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کو مردہ قرار دے دیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ واقع کے بعد متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 35/2025درج کی گئی اور اس سلسلے میں فوری طور پر تحقیقات شروع کی گئی۔انہوں نے کہا کہ تفتیش کے دوران چار ملزموں کی شناخت کی گئی اور ان کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار شدگان میں سہیل بشیر بٹ ولد بشیر احمد ساکن عشم سمبل، عادل علی بٹ ولد علی محمد ساکن زیٹھ یار نشاط، فردوس احمد راتھر ساکن غلام احمد ساکن زیٹھ یار نشاط اور سہیل افضل بٹ ولد محمد افضل ساکن پہلو برین شامل ہیں ۔پولیس نے انہیں سی جے ایم کورٹ سرینگر میں پیش کیا گیا، جہاں پولیس نے کیس کی مزید تحقیقات کیلئے ان کا ریمانڈ طلب کیا۔ عدالت نے سبھی ملزموں کوچھ دن کی پولیس تحویل میں دے دیا، جس سے پوچھ گچھ تیز کرنے اور گھنائونے جرم سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کرنے کی اجازت دی گئی۔دریں اثناء مذکورہ خاتون کی تدفین پیر کو گنی ون کنگن میں ادا کی گئی ۔نماز جنازہ میں لوگوں کی بھاری تعداد نے شرکت کی اور ملوثین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔