راجوری //راجوری میں محکمہ صحت کی ناقص خدمات کی شکایات اور ملازمین کی ڈیوٹی سے غیر حاضری کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ضلع انتظامیہ نے نگرانی کیلئے چار افسران پر مشتمل ایک خصوصی سیل تشکیل دیاہے جو ضلع بھر میں محکمہ کی کارکردگی کی نگرانی کرے گا۔اس کے ساتھ ساتھ آئی اے ایس افسر کو ضلع ہسپتال راجوری کے منتظم کے طور پر کام کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ضلع انتظامیہ کے ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ حالیہ عرصہ میں ضلع راجوری میں محکمہ صحت کے حوالے سے کئی شکایات موصول ہوئیں جن میں الزام لگایاگیاہے کہ دیہی علاقوں میں محکمہ کے ملازمین ڈیوٹی سے غیرحاضر رہتے ہیں جبکہ مشینری ناکارہ پڑی ہوئی ہے اور ڈیوٹی اوقات میںبھی پرائیویٹ پریکٹس کا سلسلہ جاری ہے ۔ضلع انتظامیہ کو ایسی شکایات بھی موصول ہوئیں کہ محکمہ کے افسران اور ملازمین ٹھیک طریقہ سے پیش نہیں آتے اور ان کا رویہ افسوسناک ہے ۔ساتھ ہی یہ شکایات بھی ملی ہیں کہ محکمہ کے افسران غیر قانونی طور پر چلائے جارہے طبی مراکز اور نجی تشخیصی مراکز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ ضلع میں محکمہ صحت کے کام کاج کی براہ راست نگرانی کرنے کیلئے ضلع انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں چارافسران پر مشتمل ایک خصوصی نگرانی سیل تشکیل دیاہے ۔ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ اس خصوصی سیل میں آئی اے ایس افسر سری کانت ،چیف پلاننگ افسر عبدالحمید ، کے اے ایس افسر ریاض احمد اور سی ایم او دفتر سے بسنت شرما کو شامل کیاگیاہے ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ ضلع انتظامیہ نے اس سیل کو کئی اہم کام سونپے ہیں جن میں طبی اداروں میں افرادی قوت سے کام لینا ، عملہ کی حاضری اور اس کی نگرانی کرنا، مرکزی معاونت والی سکیموں کی موثر عمل آوری کو یقینی بنانا ، ترقیاتی پروجیکٹوں کاوقت بروقت جائزہ لینا ، پبلک سروس گارنٹی ایکٹ کیمپوں کا انعقاد کرنا، ضلع ہسپتال راجوری کا ماہانہ ہیلتھ بلیٹن جاری کرنا، ہنگامی انتظام کرنااور جنرک میڈیسن سٹور کھولنا شامل ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ ضلع انتظامیہ نے ایک علیحدہ حکم نامہ جاری کیاہے جس کے تحت آئی اے ایس افسر سری کانت کو ضلع ہسپتال راجوری کے منتظم (ایڈمنسٹریٹر)کے طور پر کام کریںگے ۔ ذرائع کاکہناہے کہ ان اقدامات کا مقصد ضلع میں طبی خدمات کو بہتر بناناہے تاکہ لوگوںکو بہتر سہولیات فراہم ہوسکیں ۔ اس کے علاوہ تمام سب ڈیویژنل مجسٹریٹس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی حدود میں پڑنے والے ہسپتالوں میں ایڈمنسٹریٹر کے طور پر کام کریں ۔ضلع انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا’’ہاں ہم نے یہ تمام اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ طبی شعبے میں بہتر ی لائی جائے ‘‘۔