لوگوں کے پاس متبادل دستیاب نہیں،ہینڈ پمپ ناکارہ،تکنیکی خرابی دور کرنے کی یقین دہانی
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے ناریاں گاؤں میں پینے کے صاف پانی کی کمی نے مقامی آبادی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ گرمی کے موسم میں پانی کی ضرورت پہلے ہی زیادہ ہوتی ہے، ایسے میں گاؤں میں پانی کی سپلائی انتہائی کم ہونے کی وجہ سے عوام کو روزانہ کی بنیاد پر سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گاؤں والوں کے مطابق انہیں ایک مہینے میں صرف دو یا تین بار ہی پانی فراہم کیا جاتا ہے، جو بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بالکل ناکافی ہے۔مقامی لوگوں نے شکوہ کرتے ہوئے بتایا کہ گاؤں میں نصب کئے گئے ہینڈ پمپ بھی تقریباً ناکارہ ہو چکے ہیں، جس کے باعث عوام کے پاس پینے اور گھریلو استعمال کے لئے کوئی متبادل ذریعہ موجود نہیں ہے۔ پانی کی قلت نے گھریلو زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے اور لوگوں کو دور دراز سے پانی لانا پڑتا ہے، جو نہ صرف وقت طلب ہے بلکہ جسمانی مشقت کا باعث بھی بنتا ہے۔اہلِ گاؤں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ناریاں گاؤں منور دریا کے کنارے واقع ہے اور محکمہ اسی دریا سے ٹینکوں میں پانی ذخیرہ کرتا ہے، اس کے باوجود گاؤں میں پانی کی مسلسل قلت سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب دریا قریب ہے تو صاف پینے کے پانی کی فراہمی میں اس قدر تاخیر اور بے قاعدگی ناقابل قبول ہے۔اس صورتحال کے پیشِ نظر گاؤں والوں نے جل شکتی محکمہ کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ ناریاں گاؤں میں پانی کی کمی کو فوری طور پر دور کیا جائے اور سپلائی کو باقاعدہ بنایا جائے، تاکہ لوگوں کو مزید پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس ضمن میں جب اسسٹنٹ انجینئر جل شکتی محکمہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ناریاں گاؤں میں سپلائی میں کمی کی وجہ مشینری میں آئی ہوئی تکنیکی خرابی ہے، جس کے باعث پانی کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ خرابی کو دور کرنے کا کام جاری ہے اور مشینری ٹھیک ہوتے ہی سپلائی معمول کے مطابق بحال کر دی جائے گی۔گاؤں والوں نے امید ظاہر کی ہے کہ محکمہ جلد کاروائی کرے گا تاکہ انہیں درپیش پانی کے بحران کا خاتمہ ہو سکے۔