محتشم احتشام
پونچھ//قصبہ پونچھ کی مصروف ترین سڑک، ناخواں والی روڈ پر قائم فٹ پاتھ مبینہ طور پر مکمل طور پر تجاوزات کی زد میں آچکے ہیں، جس کے باعث راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑک کے کنارے قائم عارضی دکانوں اور ٹھیلوں کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کے لئے مخصوص راستہ بند ہو چکا ہے اور شہری مجبوراً مرکزی سڑک پر چلنے پر مجبور ہیں، جہاں ٹریفک کی تیز رفتاری ان کی جانوں کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہے۔
مقامی باشندوں اور روزمرہ آنے جانے والے افراد نے اس صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فٹ پاتھ عوام کی سہولت اور تحفظ کے لئے بنائے جاتے ہیں، مگر موجودہ حالت میں ان کا وجود بے معنی ہو کر رہ گیا ہے۔ شہریوں کے مطابق متعدد بار متعلقہ حکام کو اس مسئلے سے آگاہ کیا گیا، تاہم کوئی مستقل اور مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے باعث نہ صرف پیدل چلنے والوں کو دشواری پیش آ رہی ہے بلکہ ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہو رہا ہے، خصوصاً اوقاتِ کار میں حادثات کا خدشہ مزید بڑھ جاتا ہے۔ طلبہ، بزرگ افراد اور خواتین کو سب سے زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔متاثرہ عوام نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ تحصیلدار اور میونسپل کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر کو ہدایت جاری کریں کہ فٹ پاتھوں سے تجاوزات ہٹا کر انہیں عوام کے لیے بحال کیا جائے۔شہریوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وقتی کارروائی کے بجائے مستقل اور سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسی غیر قانونی تجاوزات دوبارہ جنم نہ لے سکیں اور راہگیر محفوظ انداز میں اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔