جموں// وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں نئے سیاحتی مقامات کو نوٹیفائی کرنے کی ایک تجویز کا جائزہ لے رہی ہے جس میں ضلع ڈوڈہ کے متعدد مقامات بھی شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے قانون ساز اسمبلی کے جاری بجٹ سیشن کے دوران وقفہ سوالات میںرُکن اسمبلی ڈوڈہ ویسٹ شکتی راج پریہار کی طرف سے اُٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ضلع ڈوڈہ میں جن مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے اسن میں اُدھرانہ (بھدرواہ)، سرنا (بھدرواہ)، نلتھی، چنتا، گلڈنڈا، پادری، کھلینی ٹاپ، لال درمن، ڈوڈہ (میونسپل حدود) اور شیب نوٹ (پریم نگر) شامل ہیں۔وزیراعلیٰ، جن کے پاس سیاحت کا قلمدان ہے ،نے ایوان کو بتایا کہ محکمہ سیاحت جموں و کشمیر کے بڑے سیاحتی مقامات پر بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور سیاحوں کے لئے سہولیات میں بہتری لانے کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ضلع ڈوڈہ کے نمایاں مقامات جیسے لال درمن، دیدنی، دل درمن، رام رچنا، گلا دھر اور ڈیسہ کو فعال طور پر ترقی دی جا رہی ہے اور فروغ دیا جا رہا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ضلع ڈوڈہ پہلے ہی ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر پہچانا جاتا ہے اور محکمہ اس خطے میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا’’مالی برس 2024-25 اور 2025-26 کے لئے تشہیری حکمت عملی کے تحت کئی تقریبات کا اِنعقاد اور تشہیر کی گئی ہے جن میں لیوینڈرفیسٹول، وِنٹر فیسٹول، میگا ریسلنگ مقابلہ، ماں چندی یاترا کی تشہیر، بال پدری (بھلیسہ) میں ایک روزہ میلہ اور لال درمن سنو فیسٹول شامل ہیں تاکہ سیاحت کے بارے میںبیداری بڑھائی جا سکے اور سیاحوں کوراغب کیا جا سکے‘‘۔اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ نے مالی برس 2025-26 کے دوران 11ٹوراِزم مارٹس میں شرکت کی تاکہ صوبہ جموں کے اہم مقامات بشمول ڈوڈہ کو فروغ دیا جا سکے۔ اُنہوں نے کہا’’آنے والے مہینوں میں بھی اِسی طرح کی تشہیری سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ ڈوڈہ کو قومی سیاحتی نقشے پر مزید نمایاں کیا جا سکے‘‘۔وزیراعلیٰ نے بنیادی ڈھانچے کے اَقدامات کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں کئی اہم منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن میں لال درمن میں دو منزلہ گیسٹ ہاؤس کی تعمیر شامل ہے جس کی منظوری شدہ لاگت 75.63لاکھ روپے ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کیپکس بجٹ کے تحت 80لاکھ روپے کی لاگت سے خوبصورتی کے کام، ویو پوائنٹس، عوامی سہولیات اور دیگر متعلقہ سہولیات بھی مکمل کی گئی ہیںجن کا مقصد سیاحتی سہولیات کو بہتر بنانا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔اُنہوں نے ایک علیحدہ سوال کے جواب میں، جو منتلائی میں یوگا اور روحانی مرکز کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق تھا، کہا کہ حکومت اِس معاملے پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور اِس سہولیت کو جلد از جلد آؤٹ سورس کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ نے اسمبلی میں مالیاتی اور آڈِٹ رپورٹ پیش کی
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ایوان میں جموں و کشمیر کے مالیاتی امور سے متعلق اہم مالیاتی اور آڈٹ دستاویزات پیش کیں۔ایوان میں پیش کی گئی دستاویزات میں فائنانس اکائونٹس (جلد اوّل) برائے سال 2023-24،فائنانس اکائونٹس (جلد دوم) برائے سال 2023-24، اختصاصی اکائونٹس برائے سال 2023-24 اوریونین ٹیریٹری کے مالیات پر ہندوستان کے کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل کی رِپورٹ برائے سال 2022-23شامل ہیں۔