جموں//جموں ریلوے ڈویژن نئی دہلی اور شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا کے درمیان ہفتہ سے چھ دنوں کے لیے خصوصی ریزرو ٹرین خدمات چلائے گا تاکہ نئے سال کی تقریبات کے دوران بھاری رش کے درمیان مسافروں کی سہولت ہو۔ یہ بات حکام نے بتائی۔جموں ڈویژن کے سینئرڈویژنل کمرشل منیجر اچیت سنگھل نے کہا کہ چھٹیوں کے موسم میں مسافروں کی بڑھتی ہوئی ٹریفک کو منظم کرنے کے لیے خصوصی ٹرینیں 27دسمبر سے یکم جنوری تک چلائی جائیں گی۔حکام کے مطابق، ایک خصوصی ریزرو ٹرین نئی دہلی سے شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا تک 27 دسمبر سے 31دسمبر (پانچ دوروں) تک چلائے گی۔ اسی طرح ایک اور خصوصی ریزرو ٹرین شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا سے نئی دہلی تک 28 دسمبر سے یکم جنوری (پانچ دوروں) تک چلے گی۔ سنگھل نے کہا کہ خصوصی ٹرینیں جموں و کشمیر آنے والے سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو پورا کرنے اور چھٹیوں کے موسم میں رہائشیوں کی سفری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ “یہ خدمات مسافروں کو اپنے خاندانوں سے جڑنے اور نئے سال کے رش کو مؤثر طریقے سے منظم کرنے میں مدد کریں گی‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرینیں 16 کوچز کے ساتھ چلیں گی۔انہوں نے کہا کہ مسافر بھارتی ریلوے کی سرکاری ویب سائٹ، موبائل ایپلیکیشن یا مجاز ایجنٹوں کے ذریعے ٹکٹ بک کر سکتے ہیں، انہوں نے مسافروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے ٹرین کے اوقات چیک کریں۔