عظمی نیوزسروس
راجوری//گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے ہیلتھ ملازمین نے ایک بار پھر احتجاجی تحریک شروع کرتے ہوئے جموں و کشمیر انتظامیہ کے خلاف دھرنا دیا، جس کی وجہ اضافی تنخواہ کی سہولت ختم کیا جانا بتایا جا رہا ہے۔مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ انہیں پہلے کی طرح ماہانہ ڈھائی دن کی اضافی تنخواہ دی جائے، جو ان کی سخت ڈیوٹی اور 24 گھنٹے شفٹ ڈیوٹی کے پیش نظر فراہم کی جاتی تھی۔ تاہم حکومت نے حال ہی میں یہ سہولت ختم کر دی ہے، جس کے بعد اضافی معاوضہ بند کر دیا گیا ہے۔ملازمین نے اس فیصلے کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے احتجاجی تحریک کو مزید تیز کر دیا ہے اور اپنے مطالبات کے حق میں مسلسل دھرنے دے رہے ہیں۔منگل کے روز بھی گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے ہیلتھ عملے نے دھرنا دیا اور او پی ڈی کی معمول کی خدمات معطل کر دیں، جس کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ملازمین نے حکام سے اپیل کی ہے کہ اس فیصلے پر نظرِ ثانی کی جائے اور اضافی تنخواہ کی سہولت بحال کی جائے، ساتھ ہی خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج جاری رہے گا۔