سرنکوٹ//سرنکوٹ قصبہ میں میونسپل حکام نے کارروائی کرتے ہوئے دکانداروں کو تلقین کی کہ وہ ساز وسامان اپنی اپنی دکانوں کے اندر لگائیں تاکہ عام راہگیروں کو دوران آمد ورفت دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔حکام نے کہاکہ اکثر قصبہ میں عام راہگیروں کی چلنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم متعدد مقامات پر دکانداروں کی جانب سے ساز و سامان فٹ پاتھوں پر لگایا جاتا ہے ۔غور طلب ہے کہ سرنکوٹ قصبہ میں اکثر اوقات میں غلط پارکنگ کی وجہ سے جام جیسی صورتحال بنی رہتی ہے جبکہ اس دوران دکانداروں کے ساز و سامان کی وجہ سے بھی عام لوگوں کو شدید مشکلات درپیش رہتی ہیں ۔میونسپل حکام نے چیک پوسٹ سے لے کر اقبال نگر تک کا دورہ کر کے حالات کا جائزہ لیا ۔اس دوران دکانداروں اور ریڑی فروشوں کو تلقین کی گئی کہ کووڈ کے پیش نظر ایس او پی پر عمل کیا جائے جبکہ صفائی ستھرائی کا مکمل بندوبست کیا جائے ۔انسپکٹر میونسپل کمیٹی منیر خان نے بتایا کہ دکانداروں کی جانب سے ساز و سامان باہر لگانے کی شکایت موصول ہو رہی تھیں جس کے بعد انہوں نے دکانداروں کو تلقین کی کہ وہ سامان دکانوں کے اندر لگائیں جبکہ گندگی کو کوڑا دانوں میں ڈالنے کو بھی کہا گیا ہے ۔