مینڈھر //مینڈھر قصبہ سے گزرنے والے نالے کے دونوں کناروں پر متعلقہ حکام کی جانب سے اس وقت تک کوئی حفاظتی باندھ تعمیر نہیں کی گئی ہیں جبکہ بارشوں اور سیلابی دنوں میں بارشوں کا پانی لوگوں کے رہائشی گھروں تک آجاتا ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ فلڈ اینڈ کنٹرول کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ضلع پونچھ میں آنے والے فنڈز کو صرف سرنکوٹ اور پونچھ میں ہی خرچ کر دیا جاتا ہے جبکہ مینڈھر سب ڈویژن کو ان کا حصہ ہی نہیں دیا جاتا ۔انہوں نے بتایا کہ مینڈھر قصبہ میں سے گزرنے والے دریا کے دونوں کناروں پر آج تک کوئی حفاظتی باندھ تعمیر نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے برساتی موسم میں آنے والا پانی ان کے گھروں میں داخل ہو تاجا تا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ دریا کے دونوں کناروں پر آباد لوگوں کے رہائشی گھروں کو شدید خطرہ لائق ہے تاہم اس سلسلہ میں کئی مرتبہ ضلع انتظامیہ سے بھی رجوع کیا جاتارہا ہے لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جاسکا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ دریا کے کناروں پر حفاظتی باندھ تعمیر کئے جائیں تاکہ ان کے رہائشی گھروں کو تحفظ مل سکے ۔