مینڈھر//مینڈھر کے منکوٹ بنلوئی سیکٹر میں ہندوپاک افواج کے درمیان شدید فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواہے جس میں ایک 60سالہ خاتون مارٹر گولے کی زد میں آکر موقعہ پر ہی لقمہ اجل بن گئی ۔ منکوٹ اور کرشنا گھاٹی سیکٹروںمیں جمعرات کی شام چار بجے سے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ شروع ہواجو تادم تحریر جاری تھی ۔اس دوران زینب بی زوجہ نذیر حسین ساکن بنلوئی عمر 60سال ایک مارٹر گولے کی زد میں آکرلقمہ اجل بن گئی ۔مقامی ذرائع کے مطابق زینب بی کے گھر کے باہر مارٹر شل گرا جس کی زد میں وہ موقعہ پر لقمہ اجل بن گئی ۔دونوں سیکٹروںمیں پاکستانی فوج کی طرف سے بھارتی فوج کی اگلی چوکیوںکو نشانہ بنایاگیا اور کئی گولے رہائشی آبادی والے علاقوںمیں بھی آگرے ۔تازہ فائرنگ اور گولہ باری سے علاقے میںخوف و ہراس کا ماحول ہے ۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری تھا۔