مینڈھر//مینڈھر قصبہ میں گزشتہ کئی ہفتوں سے صفائی ستھرائی کاکام نہیں ہورہااور بازار میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔صفائی نہ ہونے سے دوکاندار اور عام لوگ پریشان ہیں جبکہ متعلقہ حکام خاموش تماشائی بن کر رہ گئے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بازار میں عام آدمی کا گزرنا مشکل ہو گیا ہے کیونکہ کئی ہفتوں سے گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جن کو صاف کرنے کی زحمت گوارہ نہیں کی گئی ۔اس سلسلہ میں سفیاز خان،طارق خان اورشوکت علی و دیگردوکانداروں نے کہا کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے محکمہ پنچایت کے ملازمین نے قصبہ مینڈھر سے صفائی کا کام بند کروایا ہوا ہے جبکہ محکمہ پندرہ لاکھ کی بولی لگا کر گاڑیوں کے مالکان سے پیسے جمع کرتاہے ۔ان کاکہناہے کہ ہر جگہ گندگی پڑی ہوئی ہے جس سے عفونت دور دور تک انسان کا پیچھا نہیں چھوڑتی ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کے ملازمین لا پرواہی سے کام لے رہے ہیں جس کی وجہ سے صفائی کرمچاریوں نے کام چھوڑ دیاہے ۔ان کاکہناہے کہ صفائی کرنے والوں کو وقت پر اجر ت بھی نہیں ملتی اوریہی وجہ ہے کہ وہ کام نہیں کررہے ۔انہوںنے حکام سے اپیل کی کہ وہ صفائی کا کام کرائیں اور لوگوں کو پریشان نہ کیاجائے ۔انہوںنے انتبا ہ دیاکہ اگر دو دن کے اندر اندر بازار کی صفائی نہ ہوئی تو وہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیںگے ۔