مینڈھر//عاشورہ کے روز مینڈھر میں دو مقامات پر جلوس عزاء برآمد ہوئے ۔ایک جلوس سنگالہ سے برآمد ہواجبکہ دوسرا گورسائی نالہ سے نکلا ۔انجمن حیدری مینڈھر کے اہتمام سے سنگالہ میں دس محرم الحرامکا جلوس بر آمد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں عزادروں نے شرکت کی ۔ جلوس میںانجمن کاظمیہ گوہلد، انجمن حسینی سلواہ،انجمن کاظمیہ اپر گوہلد رہلاں،انجمن سجادیہ بھائی دھڑہ گورسائی،انجمن پیروان ولایت گورسائی سر، انجمن معصومیہ ہنڈی گورسائی، عترت سوسائٹی موہری گورسائی کے سرکردہ اراکین نے شرکت کی ۔اس دوران معروف شاعر و مقررڈاکٹر پیام اعظمی ،مولانا ظہیر عباس جعفری ،مولانا سید محمد زیدی،مولانا اختر حسین جعفری،مولانا سید عارف علی ودیگران نے خطاب کرتے ہوئے شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کی اورکربلا کے آفاقی پیغام کو دنیا کے تمام انصاف و انسانیت پسند اقوام کے لئے مشل راہ قرار دیا۔انہوں نے رہنگیائی مسلمانوں کی بے دریغ نسل کشی کو ظلم و بربریت کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ نے روہنگیائی مسلمانوں کو دنیا کی مظلوم ترین قوم قرار دیا لیکن عالمی برادری ان کی سلامتی اور حقوق کے تحفظ کے لئے کوئی موثر اقدام نہیں کر سکی۔ مقررین نے امت مسلمہ میں اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا میں مسلمانوں کا قتل عام ہو رہا ہے اور امت کے مسائل کی صرف ایک ہی وجہ ہے کہ وہ دین محمدی سے دور ہو چکے ہیں۔انہوں نے مسلمانوں کے خلاف مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ مسلمان اپنے مسائل کا حل انہی اصولوں کے مطابق تلاش کریں جوآخری نبی نے بتا دئیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مسلمان ایک ہو جائیں تو کوئی ان کی طرف آنکھ بھی اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کربلا کے پیغام کو ہر ایک سمجھ لے تو پھر کوئی مسئلہ ہی درپیش نہیں رہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کربلا ایک نمونہ عمل ہے اور یہ واقعہ زندگی گزارنے کا طریقہ ہے۔جلوس کے دوران انتظامیہ نے سخت سکیورٹی انتظامات کئے ہوئے تھے تاکہ کسی قسم کا کوئی نا خوش گوار واقعہ پیش نہ آئے ۔جلوس کے دوران گاڑیوں کی آمدروفت مکمل طور بند رہی۔ آخر پر انجمن کے صدر سید منیر حسین شاہ نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ۔اس دوران گورسائی نالہ میں بھی ایک جلوس برآمد ہوا جس میں بھی بڑی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی ۔ اس جلوس سے مدرسہ امام محمد باقر ؑ کے پرنسپل مولانا سید مختار حسین جعفری نے خطاب کیا اور یہ جلوس انہی کی اقتداء میں نکالاگیا۔