جموں//جموں میں کانگریس پارٹی نے پٹرول ،ڈیزل، ایشاء خوردنی اور پراپرٹی ٹیکس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی سرکار کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے جموں کشمیر کے لوگ انتہائی بدترین مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں۔ کے این ایس کے مطابق سنیچر کے روز کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر رمن بلا کی قیادت میں پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں نے احتجاج کیا اور بی جے پی اور مرکزی سرکار کے خلاف نعرہ بازی کی۔ کانگریس پارٹی سے وابستہ سینکڑوں کارکنان بیلی چرانہ جموں کے نزدیک لین نمبر 6 روڑ پر جمع ہوئے جس کے بعد کانگریس کے کئی سینئر لیڈران بھی وہاں پہنچے جن میں کانگریس کے سابق وزیر رمن بلا بھی شامل تھے۔ کانگریس کے سینئر لیڈران نے میڈیا کو بتایا کہ بی جے پی سربراہی والی مرکزی سرکار جموں و کشمیر کی معیشت ، تجارت اور سیاحت کے شعبے کو تشویشناک حد تک نقصان پہنچانیکے لئے مکمل طور پر ذمہ دار ہے جبکہ بی جے پی سرکار ترقیاتی امور کو حل کرنے میں مکمل طور ناکام ہوچکی ہے اور مرکزی سرکار کی غلط اور عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے عوامی سطح پر بے نقاب ہوکے رہ گئی ہے۔انہوں نے ملک بھر خاص کر جموں کشمیر میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری ، قیمتوں میں اضافے اور عوامی اہمیت کے دیگر مسائل پر برہمی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت لوگوں کی مشکلات کے سلسلے میں غیر سنجیدہ ہے اور اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے اصل معاملات سے انحراف اور جھوٹے وعدے کررہی ہے۔ اس دوران سابق وزیر رمن بلا نے میڈیا کو بتایا کہ بی جے پی کی عوام مخالف پالیسیوں کی وجہ سے لوگ شدید مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمزور طبقات اور چھوٹے پیمانے پر کاروبار کرنے والوں کو سب سے زیادہ نقصان ہورہا ہے جبکہ انہوں نے کہا کہ نہ صرف جموں و کشمیر میں بلکہ پورے ملک میں پٹرولیم ، گیس ،ایشاء ضرویہ اور دیگر ضروری سامان کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے لوگوں کو زبردست پریشانیوں میں مبتلا کردیا ہے۔کانگریس کے سینئر لیڈر نے اس بات پر زبردست افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار اور معیشت کو پہنچنے والے نقصانات کے باوجود مرکزی سرکار نے پراپرٹی ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ جانتے ہوئے کہ کاروباری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تجارت اور سیاحت میں بہت زیادہ کمی واقع ہوئی ہے لیکن حکومت نے حیرت انگیز طور پر پراپرٹی ٹیکس کے نام پر لوگوں کو سزا دینا شروع کردی ہے۔اس دوران کانگریس کے کارکنان رمن بلا کی قیادت میں جلوس کی صورت میں بی جے پی اور مرکزی سرکار کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے ویئر ہاؤس اور بکرم چوک تک چلے گئے جس دوران ٹریفک جام کے مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔۔۔