عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر رہنماؤں نے جمعہ کے روز بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 78ویں برسی پر راج گھاٹ جا کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان کے علاوہ دیگر رہنماؤں نے بھی باپو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم کے ساتھ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ اور مرکزی وزیر منوہر لال بھی موجود تھے۔ سبھی نے گاندھی جی کی سمادھی پر پھولوں کا نذرانہ پیش کیا اور ان کے افکار و نظریات کو یاد کیا۔ایک پوسٹ میں وزیرِاعظم نے کہا،” باپو نے ہمیشہ سوَدیشی پر زور دیا، جو ترقی یافتہ اورآتم نربھر بھارت کے ہمارے عزم کا ایک بنیادی ستون ہے۔” مہاتما گاندھی کی شخصیت اور ان کے کام ہندوستانی نسلوں کو فرض کے راستے پر چلنے کی ترغیب دیتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا “ان کی شخصیت اور وژن ملک کے عوام کو ہمیشہ فرض کی راہ پر گامزن رہنے کی ترغیب دیتے رہیں گے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نےکہا کہ مہاتما گاندھی نے زبان، علاقے اور ذات پات میں تقسیم ملک کو متحد کرکے آزادی کی تحریک کو وسعت دی۔ سوَدیشی، آزادی اور صفائی کو ایک لڑی میں پرو کر عظیم ہندوستان کا تصور پیش کرنے والے مہاتما گاندھی کے خیالات ہمیں ہمیشہ تحریک دیتے رہیں گے۔کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے گاندھی وادی نظریات سے وابستہ مشہور بھجن کے ذریعہ مہاتما گاندھی کی تعلیمات کو یاد کیا۔ ‘ویشنو جن تو تَینے کہیے جے پیڑ پرائی جاڑے رے… جس میں ہمدردی اور بے لوث خدمت پر زور دیا گیا ہے۔ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ مہاتما گاندھی ایک شخص نہیں بلکہ ایک سوچ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سچ کی طاقت اقتدار سے بڑی ہوتی ہے اور عدم تشدد حوصلے سے جنم لیتا ہے۔ گاندھی ہندوستان کی آتما میں امر ہیں۔