تھنہ منڈی// تعلیمی زون تھنہ منڈی کے مڈل اسکول درہ میں طلبا و طالبات کے لئے بیت الخلاء کی سہولت نہ ہونے کے برابر ہے اور اسکول میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کو نزدیکی نالے میں جا نا پڑتا ہے۔اس سکول میں 250 سے زائدطلاب زیر تعلیم ہیںاور یہ اسکول تھنہ منڈی سے 6کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے ۔اسکول میں بیشتر تعداد لڑکیوں کی ہے جنہیں بیت الخلاء کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے سخت مشکلات کاسامناہے او رانہیں رفع حاجت کیلئے نزدیکی نالے میں جاناپڑتاہے ۔اسکول کے ہیڈ ماسٹر عبدالحمید کا کہنا ہے کہ ایک غیر سرکاری تنظیم نے بیت الخلاء تعمیر کرنے کے لئے رقومات فراہم کی ہیں تاہم اس سے بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم نے ایک کھو کھا کھڑا کر کے پلاسٹک کا ڈرم زمین میں دبا دیا ہے لیکن اس کے نکاس کا کوئی انتظام نہیں ۔ انہوںنے کہا کہ اس بیت الخلاء کی جگہ مزید ایک بیت الخلاء تعمیر کیا جائے ، تب جاکر مسئلہ حل ہوسکتاہے ۔اس ضمن میں انچارج زونل ایجوکیشن آفیسر تھنہ منڈی عبدالقیوم ندوی نے بتا یا کہ سوئوچھ بھارت ابھیان کے تحت ان سکولوں میں بیت الخلاء تعمیر کئے جائیںگے جن میں ابھی تک یہ سہولت نہیں ۔