سرنکوٹ//سرنکوٹ کے دور افتادہ علاقہ موہڑہ بچھائی کے وارڈ نمبر سات محلہ سیداں میں محکمہ بجلی کی جانب سے فراہم کر دہ سہولیات انتہائی غیر معیاری ہیں جس کی وجہ سے مکینوں کو شدید خطرہ بھی پید اہو گیا ہے ۔مکینوں نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ بجلی کے نصب کر دہ ٹرانسفارمروں سے بجلی سپلائی کےلئے لکڑیاں لگائی گئی ہیں جبکہ مذکورہ ٹرانسفارمروں کی زمین سے اونچائی بھی کم رکھی گئی ہے ۔صارفین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ حکام کی جانب سے مبینہ طورپر لا پرواہی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے گاﺅں میں بجلی کا نظام ہی انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو گیا ہے ۔ ٹرانسفارمر پر بوسیدہ لکڑیاں لگا کر کام چلایا جا رہا ہے تاہم مذکورہ جگہوں پر ٹیکنیکل طریقے سے بہتر سازوسامان لگایا جا سکتا ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ بارشوں کے دوران مذکورہ بجلی کے ٹرانسفارمر انتہائی خطرے ناک ہو جاتے ہیں ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے نظام کو ٹھیک کیا جائے اور لاپرواہ ملازمین کےخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔