پونچھ//اہل بیت اکیڈمک کلچرل ٹرسٹ کے زیر اہتمام فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیھا میں اجتماعی شادیوں کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت بیرون ریاست گجرات سے تشریف لائے حاجی اکبر مومن نے کی ۔اس دوران سرنکوٹ ، بانڈی چچیاں، مینڈھر، گورسائی، سانگلہ اور موہڑہ بچھائی کے9جوڑوں کی شادیاں کی گئیں ۔ اہل بیت اکیڈمک کلچرل ٹرسٹ اورمسجد فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے تمام جوڑوں کو تحائف سے نوازا گیااور اس موقعہ پر موجود تمام شرکاء کے لئے ولیمہ کے طور پر ظہرانہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔مولانا سید عابد حسین جعفری نے کہا کہ ان کی تنظیم کی جانب سے اجتماعی شادیوں کے اہتمام کرنے کا مقصد شادیوں کو آسان بنانا ہے،جموں و کشمیر میں شادیوں میں اتنے رواجوں نے سرایت کرلی ہے کہ والدین بچوں کی بر وقت شادی نہیں کرواسکتے ۔انہوں نے کہا کہ شادی میں صرف کھانے پر ہی لاکھوں روپے کی ضرورت پڑتی ہے جس کے علاوہ دلہنوں کو دیئے جانے والا جہیز اور دیگر رسومات نے بھی اس کو مزید مشکل بنادیاہے ۔انہوں نے کہا کہ شادیاں نہ ہو نے کی وجہ سے لڑکے اور لڑکیا ں ذہنی مریض ہو جاتی ہیںاس لئے ان رواجوں کو ختم کرناچاہئے اور شادی کو آسان بنایاجائے ۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ پچھلے چند سال سے کوشش کر رہے ہیں کہ اجتماعی شادیوں کے ذریعہ ان رسومات کا خاتمہ کیا جائے جس کیلئے انہیں بیرون ریاست کے کچھ تعاون دے رہے ہیں۔