موہالی/رشبھ پنت، رویندر جڈیجہ، ہنوما وہاری اور وراٹ کوہلی کی شاندار اننگز کی بدولت ہندوستان نے یہاں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کرکٹ میچ کے پہلے دن جمعہ کو 85 اوور میں چھ وکٹ پر 357 رن کا مضبوط اسور بنالیا۔بلے بازی کرنے والے تقریباً تمام بلے بازوں نے اچھا تعاون کیا۔ پہلے سلامی بلے بازوں مینک اگروال اور روہت شرما نے ٹیم کو اچھی شروعات دی، حالانکہ دونوں بلے باز بڑی اننگز نہیں کھیل سکے ۔ اس کے بعد وہاری اور وراٹ نے اچھی اننگز کھیلی اور پھر آخر میں پنت اور جڈیجہ نے شاندار اننگز کھیلی۔ پنت نے دھماکہ خیز انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے 97 گیندوں میں نو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 96 رنز بنائے ، حالانکہ وہ چار رنز سے اپنی پانچویں ٹیسٹ سنچری سے محروم ہو گئے ۔ جڈیجہ نے 82 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 45 رنز بنائے ۔اس سے قبل وہاری نے 128 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی نصف سنچری اسکور کی، جب کہ وراٹ نے پانچ چوکوں کے دم پر 76 گیندوں پر 45 رنز بنائے ۔ اس کے علاوہ مینک، روہت اور شریئس ائیر نے بالترتیب 33، 29 اور 27 رنز بنائے ۔ فی الحال جڈیجہ کے ساتھ روی چندرن اشون کریز پر موجود ہیں اور 11 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 10 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔سری لنکا کی جانب سے لیفٹ آرم اسپنر لاستھ ایمبولڈینیا نے 28 اوورز میں 107 رنزپر سب سے زیادہ دو، جبکہ سورنگا لکمل، وشوا فرنانڈو، لاہیرو کمارا اور دھننجے ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ لیا۔(یواین آئی)