نئی دہلی// بھارت میں امریکی سفارت خانے نے جمعہ کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایک پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ وہ اور وزیر اعظم نریندر مودی ایسے رہنما ہیں جو کام کر کے دکھاتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر دونوں رہنماؤں کی تصویر کے ساتھ پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ امریکہ کا “شاندار تعلق” آئندہ مزید مستحکم ہوگا۔ ٹرمپ کے حوالے سے کہا گیاکہ “ہمارا بھارت کے ساتھ شاندار رشتہ آنے والے وقت میں مزید مضبوط ہوگا۔ وزیر اعظم مودی اور میں ایسے لوگ ہیں جو کام مکمل کرتے ہیں، جو اکثر دیکھنے کو نہیں ملتا۔یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب تین روز قبل وزیر اعظم مودی اور صدر ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فون پر اہم گفتگو ہوئی تھی، جس میں مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی، بالخصوص آبنائے ہرمز کی اہمیت پر بات کی۔ وزیر اعظم مودی نے اس موقع پر کہا کہ بھارت خطے میں کشیدگی میں کمی اور جلد امن کی بحالی کی حمایت کرتا ہے، جبکہ عالمی تجارت کے لیے آبنائے ہرمز کا کھلا، محفوظ اور قابلِ رسائی رہنا نہایت ضروری ہے۔بعد ازاں وزیر اعظم مودی نے ‘ایکس’ پر اپنے بیان میں کہاکہ “صدر ٹرمپ سے گفتگو ہوئی جس میں مغربی ایشیا کی صورتحال پر مفید تبادلہ خیال کیا گیا۔ بھارت کشیدگی میں کمی اور جلد از جلد امن کی بحالی کا حامی ہے۔ آبنائے ہرمز کا محفوظ اور کھلا رہنا پوری دنیا کے لیے ضروری ہے۔”