جاوید اقبال
مینڈھر//ضلع پونچھ کے سب ڈویژن مینڈھر کی سرحدی تحصیل منکوٹ میں منگل کے روز ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک چار سالہ معصوم بچہ پانی کے ٹینک میں گرنے کے باعث جاں بحق ہو گیا۔ اس افسوسناک حادثہ کے بعد علاقے میں غم و اندوہ کی فضا چھا گئی جبکہ متوفی کے گھر میں کہرام مچ گیا۔مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب معصوم بچہ گھر کے قریب کھیل رہا تھا۔ اسی دوران وہ اچانک قریب موجود پانی کے ٹینک میں گر گیا۔ اہل خانہ کو جب اس واقعہ کا علم ہوا تو انہوں نے فوری طور پر بچے کو نکال کر علاج کے لئے سب ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیا تاہم ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد بتایا کہ بچہ پہلے ہی دم توڑ چکا تھا اور اسے مردہ قرار دے دیا۔
متوفی بچے کی شناخت ذیشان اظہر ولد اظہر عادل سکنہ منکوٹ تحصیل مینڈھر کے طور پر کی گئی ہے۔ کم سن بچے کی اچانک موت کی خبر سنتے ہی علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی اور بڑی تعداد میں لوگ اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے لئے ان کے گھر پہنچنے لگے۔اطلاعات کے مطابق ذیشان اظہر گھر کے قریب کھیل رہا تھا اور کھیلتے کھیلتے غیر ارادی طور پر پانی کے کھلے ٹینک کے قریب پہنچ گیا جہاں اس کا پاؤں پھسل گیا اور وہ ٹینک میں جا گرا۔ گھر والوں کو اس وقت تک علم نہ ہو سکا جب تک وہ نظر سے اوجھل نہ ہو گیا۔ تلاش کے دوران جب اسے ٹینک میں دیکھا گیا تو فوری طور پر باہر نکال کر ہسپتال پہنچایا گیا، مگر جان نہ بچائی جا سکی۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اسٹیشن مینڈھر کے ایس ایچ او حبیب پٹھان دیگر اہلکاروں کے ہمراہ سب ضلع ہسپتال مینڈھر پہنچ گئے اور معاملہ کی تفصیلات حاصل کیں۔ پولیس نے ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بچے کی لاش اہل خانہ کے حوالے کر دی تاکہ اس کی آخری رسومات ادا کی جا سکیں۔مقامی لوگوں نے اس افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے والدین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ گھروں کے آس پاس موجود پانی کے ٹینکوں اور دیگر خطرناک مقامات کو محفوظ بنایا جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔