پونچھ//تحصیل منڈی کے گاﺅں چھمبر کناری کی عوام اس جدید دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔علاقے میں ترقیاتی کاموں اور عوامی مسائل کے حل کااندازہ اس حقیقت سے لگایاجاسکتاہے کہ 2014کے دوران آئے تباہ کن سیلاب کے متاثرین کو ہنوز امداد فراہم نہیں کی گئی ۔سیلاب سے زمین کھسکنے کی وجہ سے اس علاقہ کے محلہ ہِل کے کئی کنبوں کے مکان ایک پسی کی زد میں آگئے تھے جس کی سبب مقامی لوگوںکو اپنے گھروں کو چھوڑ کر مقامی اسکول میں پناہ گزیں ہونا پڑا تھا ۔اس وقت پونچھ میں تعینات ضلع ترقیاتی کمشنر نے وہاں پہنچ کر عوام کو یقین دلایا تھا کہ وہ انہیں امداد دیں گے اور کہیں محفوظ مقام پر ان ک گھر تعمیر کروا کر دیئے جائیں گے لیکن ابھی تک اس سلسلہ میں کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا ۔اب یہ متاثرہ کنبے مجبوراًاپنی جان جوکھم میں ڈال کر اسی جگہ رہ رہے ہیں ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ حکام کی طرف سے بے حسی کا مظاہرہ کیاجارہاہے۔منظور احمد نے بتایا کہ 6کنبہ جات ایک پہاڑی کی زد میں جان ہتھیلی پر رکھ کر زندگی کے روز و شب گزار رہے ہیں جن کا پرسان حال کوئی نہیں ۔ ۔ان کاکہناہے کہ رابطہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے بھی مشکلات درپیش ہیں۔مقامی شخص عبدالمجید نے بتایا کہ اس سلسلہ میں بارہا اعلیٰ حکام سے رابطہ کیاگیا لیکن بدقسمتی سے کسی نے کوئی اقدام نہیں کیا اور خالی یقین دہانیاں دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ محلہ ہل کے عوام بجلی،پانی اور سڑک رابطہ سے محروم ہوکر قدیم طرز کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ایک نوجوان خلیل احمد نے کہاکہ حکومتوں کی طرف سے تو انہیں کوئی راحت نہیں ملی لیکن اب گورنر راج سے آخری امید یں وابستہ ہیں ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ ان کے جائز مسائل حل کئے جائیں اور بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں ۔