منڈی//تحصیل منڈی میں گزشتہ رات آتشزدگی کی دو الگ الگ وارداتیں رونما ہوئیں جن کے نتیجہ میں لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہواہے ۔ اعلیٰ پیر بازار میں ایک دوکان کو اچانک آگ گئی اور اس میں لاکھوں روپے کی مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔یہ دوکان عبدالرشید نائیک کی تھی جو شام کو اسے بند کرکے گھر چلے گئے تھے ۔عینی شاہدین کے مطابق آگ رات آٹھ بجے نمودار ہوئی جس نے آناًفاناً پوری دوکان کو اپنی لپیٹ میں لیکر ساراسامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا۔ عبدالرشید نائیک کی اس دوکان میں منیاری ،کاسمیٹک ،آئیس کریم ،کولڈ ڈرنک وغیرہ کاسامان تھا جو آگ کی نذر ہوگیاہے ۔اگرچہ مقامی لوگ اور فائر سروس کی گاڑی موقعہ پر پہنچی لیکن اس سے پہلے ہی سارا سامان تباہ ہوچکاتھا۔ آگ کی وجہ معلوم نہ ہو سکی ہے البتہ لوگوں نے اسے بجلی شارٹ سرکٹ کاذریعہ قرار دیاہے ۔ لوگوں نے کہا کہ رات کے وقت اگ کی وجہ سے اتنا زیادہ نقصان ہوا ہے ۔پولیس معاملہ کے چھان بین کر رہی ہے ۔دریں اثنا منڈی صدر مقام سے پانچ کلو میٹر دوری پر واقع اڑائی گائوںمیں آگ کی ایک واردات میں ایک رہائشی مکان جل کر راکھ ہوگیا۔جمعرات سات بجے اڑائی کے محلہ رہوالا میں محمد بشیر ولد محمد دین تانترے کا مکان خاکستر ہوگیا ۔ اگ لگنے کی وجہ بجلی شارٹ سرکٹ بتائی جارہی ہے ۔یہ مکان دو منزل پر مشتمل تھاجو بالکل تباہ ہوگیاہے ۔گھر میں اس وقت کوئی بھی فرد موجود نہیں تھاجب آگ کے شعلے بڑھک اٹھے ۔اس دوران مقامی لوگوں نے آگ بجانے کی بھر پور کوشش کی لیکن گھاس اور لکڑیوں کے باعث وہ تیزی سے بڑھک اٹھی جس پر قابو نہیں پایاجاسکا۔ مقامی لوگوں نے بتایاکہ وہ موبائل نیٹ ورک نہ ہونے کی وجہ سے فائر سروس کو بھی وقت پر مطلع نہیں کرسکے او ر فائر سروس کا عملہ اور پولیس ایک گھنٹہ بعد پہنچالیکن تب تک سب کچھ تباہ ہوچکاتھا۔یہ مکان محمد بشیرکاتھا۔