سوپور+سرینگر//پولیس نے منشیات مخالف مہم کے دوران بڈگا م اور ہندوارہ میں 3افراد کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے برائون شوگر اور بھنگ برآمد کیا ہے۔ شمالی کشمیر کے رفیع آباد میں پولیس نے ایک شہری کو منشیات مخالف مہم میں گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ ایس ایچ او امتیاز احمد کی سربراہی میں چتلورا رفیع آباد میں پولیس پوسٹ کی ایک ٹیم نے ایس ڈی پی او رفیع آباد نثار احمدکی نگرانی میں ایک ناکہ لگایاجہاں منظور احمد شاہ ساکن نہارپورہ کے قبضے سے کوڈین فاسفیٹ کی 10 بوتلیں برآمد ہوئیں۔اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر50/2021 تھانہ ڈنگی وچھہ میں درج کیا گیا ۔خانصاحب پولیس نے23اور24مارچ کی درمیانی رات کو ایک شخص خورشید احمد میر ساکن خانصاحب سے تلاشی کے دوران ساڑھے دس کلوگرام بھنگ پاؤڈربرآمد کرلی۔ خانصاحب تھانہ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر35/2021درج کیا گیا۔اس دوران ہندوارہ پولیس نے مارکیٹ کرالہ گنڈ میں ناکہ چیکنگ کے دوران ایک شخص کی تلاشی کے دوران 30 گرام براوَن شوگر برآمد کیا۔مذکورہ شہری کی شناخت عارف احمد نجار ساکن کرالہ گنڈ کے بطور ہوئی ہے۔تھانہ کرالہ گنڈ نے اس سلسلے میں کیس زیرایف آئی آر نمبر15/2021 درج کرلیا ۔