رام بن //منشیات فروشوں کے بین الریاستی گروہ کاپردہ فاش کرتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے رام بن علاقہ میں قومی شاہراہ پرایک ٹرک سے 101کلوگرام خشخاش ضبط کیاجبکہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور اورہماچل پردیش کے رہنے والے کنڈیکٹر کوگرفتارکیاگیا۔پولیس نے پیر کو بتایا کہ سرینگرجموں قومی شاہراہ پر رام بن علاقے میں ایک ٹرک سے101کلو گرام خشخاش ضبط کرکے ٹرک کے ڈرائیور اور کنڈکٹر کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار ڈرائیور کی شناخت گلزار محمد ساکن ضلع بھٹنڈا پنجاب کے طور کی گئی ہے جبکہ ٹرک کا کنڈکٹر نور محمد ہماچل پردیش کے چھمبا ضلع کا شہری ہے۔پولیس کے مطابق سرینگر سے جموں کی طرف جارہی ایک ٹرک کو ناشری کے نزدیک روک کر اس کی تلاشی لی گئی جس میں سے101کلو گرام خشخاش بیرون ریاست اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی لیکن پولیس کی ٹیم نے ٹرک کی تلاشی کے دوران بڑی مقدارمیں خشخاش برآمدکرکے ضبط کرلی ۔پولیس نے مزید کہا کہ ٹرک ڈرائیور اور کنڈکٹرنے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ وہ خشخاش کی بھاری مقدار کو پنجاب لے جارہے تھے۔دونوں کیخلافNDPSایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع نے مزیدبتایاکہ دونوں گرفتار شدگان سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے تاکہ اسبات کاپتہ لگایاجاسکے ،کہ انہوں نے اتنی بڑی مقدارمیں خشخاش کہاں سے لائی ،یاکہ کس شخص نے اُنھیں منشیات کی یہ قسم فراہم کی ۔انہوں نے کہاکہ پوچھ تاچھ کے بعدمزید گرفتاریوں کاامکان ہے ۔