منجا کوٹ تحصیل کی متعدد واٹر سپلائی سکیمیں بند | ملازمین کووڈ کا فائدہ اٹھا کر گھروں تک محدود ،عوام پریشان

منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ میں متعدد واٹر سپلائی سکیمیں بند ہونے کی وجہ سے کئی ایک علاقوں میں لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر منجا کوٹ کے ساتھ ساتھ دھیری رلیوٹ پنچایت میں قائم کر دہ لفٹ سکیمیں حالیہ کئی دنوں سے مکمل طورپر بندہو ئی ہیں جس کی وجہ سے لوگ قدرتی چشموں سے پانی لانے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ دھیری رلیوٹ پنچایت کے کچھ علاقوں میں کووڈ معاملات سامنے آرہے ہیں جبکہ پانی کی شدید قلت کی وجہ سے لوگوں کو مجبو ر ہو کر چشموں پر جمع ہونا پڑتا ہے تاہم متعلقہ ملازمین ڈیوٹی پر حاضر ہی نہیں ہوتے ۔انہوں نے بتایا کہ ملازمین مشینری کی خرابی کا بہانہ بناتے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہوناشروع ہو گیا ہے ۔اسی طرح منجا کوٹ ہیڈ کوارٹر پر میکینکل شعبہ کی نااہلی کی وجہ سے لوگوں کا پانی کئی دنوں سے بند پڑا ہوا ہے ۔لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سے متعدد مرتبہ رجوع کرنے کے باوجود بھی پانی کی بحالی کی جانب کوئی دھیان ہی نہیںدیاجارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ منجا کوٹ میں کئی دفاتر میں بھی مذکورہ سکیم سے پانی سپلائی کیاجاتاہے تاہم محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے عوام و ملازمین کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔مکینوں نے ڈپٹی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ لاپروہ ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور عوام کو مشکل وقت میں صاف پانی فراہم کیاجائے ۔