محتشم احتشام
پونچھ//قانون ساز اسمبلی کے بجٹ اجلاس 2026–2027 کے دوران رکن اسمبلی پونچھ اعجاز احمد جان اور تمام اراکین اسمبلی نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حالیہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں انسانیت، انصاف اور عالمی امن کے اصولوں کے منافی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ان حملوں میں معصوم شہریوں، خصوصاً بچوں اور خواتین کی ہلاکت انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔
اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اعجاز احمد جان نے نہایت جذباتی انداز میں کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای صرف ایران کے رہنما نہیں بلکہ دنیا بھر کے کروڑوں افراد کے لیے روحانی پیشوا معزز مذہبی شخصیت تھے۔ ایسی شخصیت کو نشانہ بنانا دراصل انسانیت، امن اور اخلاقی اقدار پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ جانوں کے ضیاع اور مذہبی قیادت کو ہدف بنانے سے عوامی جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔انہوں نے حکومتِ ہند اور عالمی برادری سے پرزور اپیل کی کہ وہ فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے کشیدگی کو کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسائل کا حل صرف بات چیت، تحمل اور امن کے راستے میں پوشیدہ ہے، نہ کہ طاقت کے استعمال میں۔اعجاز احمد جان نے اس موقع پر متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری انسانیت کو متحد ہو کر ظلم کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے تاکہ دنیا میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔