محتشم احتشام
پونچھ//دیہی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنانے کی سمت ایک اہم قدم کے طور پر، حلقہ پونچھ حویلی کے معزز رکنِ اسمبلی اعجاز احمد جان نے اڑائی میں لنک روڈ کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھا۔ یہ سڑک ضلع کیپکس (یو ٹی) پلان کے تحت تعمیر کی جائے گی، جو مقامی آبادی کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا۔ سڑک کی تعمیر سے رابطہ بہتر ہوگا، آمد و رفت میں آسانی آئے گی اور بالخصوص برف باری، خراب موسم اور ہنگامی حالات میں عوام کو خاطر خواہ سہولت میسر آئے گی۔اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے نے کہا کہ دور دراز اور دیہی علاقوں کی ترقی میں سڑک رابطہ اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ فلاحِ عامہ سے جڑے تمام حقیقی مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا اور انہیں مکمل تعاون فراہم کیا جاتا رہے گا۔تقریب کے دوران اجاز احمد جان نے حویلی، مالکہ اور پیرا پنچایت کے مڈل اسکولوں میں گراؤنڈ شیڈز کی تعمیر کیلئے فنڈز کی منظوری کا بھی اعلان کیا۔ ہر اسکول کے لئے 8 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں، جس کی مجموعی لاگت 32 لاکھ روپے بنتی ہے۔ ان شیڈز سے طلبہ کو کھیل کود اور اسکولی تقریبات کے دوران مناسب جگہ اور تحفظ حاصل ہوگا۔مقامی باشندوں اور پنچایتی نمائندوں نے ایم ایل اے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے دیرینہ مسائل حل ہوں گے۔ مقررین نے سڑک رابطے میں بہتری کو کسانوں، مزدوروں، طلباء اور مریضوں کے لئے نہایت سودمند قرار دیا اور کہا کہ بہتر رابطہ طبی مراکز، منڈیوں اور ضروری خدمات تک رسائی کو آسان بنائے گا۔مقررین نے تعلیمی ڈھانچے پر توجہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ دیہی اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی کمی ایک بڑا مسئلہ رہی ہے، جس کے حل کی جانب یہ اقدام قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ متوازن ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے اور ایسے منصوبے سرحدی علاقوں میں عوام کے اعتماد کو مضبوط کرتے ہیں۔تقریب میں حاجی محمد اشرف، مولانا زاہد صاحب، شبیر بھٹ، اخلاق محمود پرے، محمد شفیق (نائب سرپنچ)، مستری محمد اقبال، فوجی محمد ایوب، فوجی محمد جمیل، محمد رفیق، فاروق کسانہ، سرفراز پرے، شمیم شاہد، خلیل پرے، نواز ملک سمیت معزز عمائدین، نوجوان نمائندگان اور بڑی تعداد میں مقامی لوگ موجود تھے۔