عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//جموں و کشمیر پولیس نے ضلع ریاسی میں ملی ٹینٹ کے معاون ڈھانچے کو ختم کرنے کے اپنے مسلسل آپریشن کے تحت ایک اہم کارروائی انجام دیتے ہوئے لشکرِ طیبہ (LeT) سے وابستہ ایک ملی ٹینٹ کی جائیداد کو ضبط کر لیا ہے۔ یہ کارروائی مہور سب ڈویژن کے علاقہ اپر انگڑالہ میں انجام دی گئی۔پولیس کے ایک سرکاری بیان کے مطابق ایف آئی آر نمبر 14/2024، جو کہ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (UAPA) 1967، آرمز ایکٹ اور ایکسپلوسیو سبسٹینس ایکٹ کے تحت پولیس اسٹیشن مہور میں درج کی گئی تھی، کے سلسلے میں یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
کارروائی کے دوران ایک مشترکہ ٹیم، جس میں ایس ڈی پی او مہور پرول بھردواج، تحصیلدار مہور جاوید اقبال، ایس ایچ او مہور جیت سنگھ اور محکمہ مال کے اہلکار شامل تھے، نے موقع پر پہنچ کر قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے جائیداد کی ضبطی کا عمل مکمل کیا۔پولیس کے مطابق ضبط کی گئی جائیداد لشکرِ طیبہ سے وابستہ ملی ٹینٹ محمد قاسم ولد مرحوم محمد شفیع کی ہے۔ مذکورہ جائیداد کو یو اے پی اے کی دفعہ 25 کے تحت باضابطہ طور پر اٹیچ کیا گیا ہے۔ضبط شدہ جائیداد میں تقریباً 3 مرلہ زمین شامل ہے، جو کھاتہ نمبر 346، 347، 349 اور 350 میں درج ہے اور گاؤں انگرالہ، تھانہ مہور کی حدود میں واقع ہے۔پولیس نے بتایا کہ اس کارروائی کو مقامی لوگوں اور اہلِ خانہ کی موجودگی میں انجام دیا گیا تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور تمام قانونی ضابطوں کی مکمل پابندی کی جا سکے۔ایس ایس پی ریاسی پرم ویر سنگھ نے اس موقع پر کہا کہ پولیس ملی ٹینٹ ،امن و امان کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں اور ملک کی سالمیت کے خلاف کام کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے گی۔